Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وڈیو اور فوٹوگرافی میں کامیابی حاصل کرنے والی عبیر الجلیح

اب مملکت  میں سب کے لیے دروازے کھلے ہیں- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی خاتون عبیر الجلیح نے وڈیوعکس بندی اور کاروبار میں کامیابی کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق عبیر الجلیح سعودی عرب کی ان منتخب خواتین میں سے ایک ہیں جنہوں نے بیک وقت مختلف شعبوں میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔
انہوں نے گریجویشن کرکے فوٹو گرافی، وڈیو اور جدید طرز کی پرنٹنگ کے شعبوں میں متعدد منصوبے کامیابی سے چلائے- وہ ٹیکنیکل پروڈکشن میں بھی نام کما چکی ہیں۔
الجلیح نے میڈیا اور معیشت کے شعبوں میں عرب اور بین الاقوامی میلوں اور پروگراموں میں حصہ لیا۔ امریکہ، فرانس، بیلجیئم، جرمنی، تیونس اور مصر وغیرہ میں ہونے والی نمائشوں اور کانفرنسوں میں حصہ لیا۔
انہوں نے 2015 میں کاروبار میں قدم رکھا تھا- تب سے اب تک کئی قومی پروگرام کرچکی ہیں۔ علاوہ ازیں 2016 کے دوران امریکہ میں ہونے والے انٹرنیشنل وزٹر پروگرام میں بھی شریک ہوچکی ہیں۔
الجلیح فرانس کے شہر کانز کے ایم آئی پی ٹی وی میں حصہ لے چکی ہیں- ترکی کے ڈسکوب پروگرام میں شریک ہوچکی ہیں- تیونس کے ریڈیو ٹی وی پروگرام میں اپنی صلاحیت منوا چکی ہیں۔
تیونس میں عروس البحر میلے نے انہیں سعودی عرب میں تکنیکی میڈیا کی انٹرنیشنل آرگنائزیشن کی چیئرپرسن کی حیثیت سے  اعزاز دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ’گزشتہ دنوں انہیں خواتین کو آگے بڑھانے  والے پروگرام میں کچھ مشکلات پیش آئیں- جن پر جلد ہی قابو پالیا گیا۔‘
عبیر الجلیح نے کہا کہ ’سعودی خواتین کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کے فیصلوں کی وجہ سے خواتین کو آگے بڑھنے اور قائدانہ کردارادا کرنے میں سہولت حاصل ہوئی- اب مملکت میں سب کے لیے دروازے کھلے ہیں- خواتین کی ترقی کی راہ میں کوئی پابندی اور کوئی شرط نہیں رہی۔‘
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: