’مسک آرٹ گرانٹ‘: فنکاروں کی صلاحیت نکھارنے میں اہم قدم
’مسک آرٹ گرانٹ‘: فنکاروں کی صلاحیت نکھارنے میں اہم قدم
منگل 15 دسمبر 2020 19:24
نئے فن پاروں کی نمائش ریاض میں ہوگی(فوٹو ایس پی اے)
مسک آرٹ انسٹی ٹیوٹ نے مملکت اور بیرون ملک جدت طراز فن کاروں کو مالی اور فنی معاونت فراہم کرنے کے لیے پہلی ’مسک آرٹ گرانٹ‘ کا آغاز کردیا ہے-
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ’مسک آرٹ گرانٹ‘ کا مقصد نوجوان فنکاروں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں بااختیار بنانا ہے- اس سلسلے میں نوجوانوں کو تجربہ کار اور ماہر تربیت یافتہ فنکاروں کے ساتھ ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع بھی دیا جائے گا-
مسک آرٹ انسٹی ٹیوٹ کی چیف ایگزیکٹیو ریم سلطان نے کہا کہ نوجوانوں کے تخلیقی کام کو مزید بہتر بنانے اور انہیں آگے لانے کے لیے مسک آرٹ انسٹی ٹیوٹ اپنی کوششیں آئندہ بھی جاری رکھے گا-
’مسک آرٹ گرانٹ‘ کے تحت پانچ سعودی فنکاروں کے فن پاروں کو ’مسک آرٹ ویک‘ کے تحت پیش کیا جائے گا- ان فن پاروں کی نمائش ریاض کے شہزادہ فیصل بن فہد ہال میں آئندہ سال فروری کے آخر تک جاری رہے گی-
واضح رہے کہ ’مسک آرٹ انسٹی ٹیوٹ‘ مرد و خواتین فن کاروں کے کام کو بہتر بنانے اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی غرض سے 2017 میں قائم کیا گیا تھا-