شہزادی ھیفا المقرن یوتھ سمٹ دبئی میں مشاورتی کونسل کی چیئرپرسن مقرر
شہزادی ھیفا المقرن یوتھ سمٹ دبئی میں مشاورتی کونسل کی چیئرپرسن مقرر
پیر 3 مئی 2021 11:00
وزارت اقتصادیات میں معاون نائب وزیر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
شہزادی ھیفا المقرن کو جون میں دبئی میں منعقد ہونے والی گورنمنٹ یوتھ سمٹ میں مشاورتی کونسل کی چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے، جہاں وہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے شعبے میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔
عرب نیوز کے مطابق شہزادی ھیفا المقرن اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) میں سعودی عرب کی مستقل نمائندہ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔
سعودی عرب نومبر 2019 میں یونیسکو کی ایگزیکٹیو کونسل کا رکن بنا تھا اور یہ رکنیت 2023 تک رہے گی۔
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے بتایا ہے کہ ’سعودی عرب یونیسکو کے ساتھ رکنیت کے دوران ایگزیکٹیو کونسل کے تمام ممبروں کے تعاون کے ساتھ عرب ثقافت اور ورثہ کے تحفظ کے لیے کام کرے گا۔‘
جس میں رواداری کو فروغ دیتے ہوئے پائیدار معاشرتی ترقی کے لیے جدت اور ٹیکنالوجی کی حمایت کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
شہزادی ھیفا المقرن نے 2000 میں ریاض کی کنگ سعود یونیورسٹی سے معاشیات میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی تھی۔
لندن یونیورسٹی کے سکول آف اورینٹل اینڈ افریقن سٹڈیز سے انہوں نے2007 میں مشرق وسطیٰ کے حوالے سے معاشیات میں ماسٹر ڈگری حاصل کی تھی۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ساتھ کام شروع کرنے سے قبل 2009 میں کنگ سعود یونیورسٹی میں جز وقتی لیکچرار شپ بھی اختیار کی۔
2013 میں انہیں معاشرتی ترقی اور انسانی حقوق کے متعلق پروگرام میں تجزیہ کار کے طور پر ترقی دی گئی۔
وزارت اقتصادیات اور منصوبہ بندی میں 2016 میں وہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے شعبے کی سربراہ کی حیثیت سے شامل ہو گئیں اور 2017 میں پائیدار ترقیاتی امورکے لیے اسسٹنٹ ڈپٹی منسٹر مقرر کی گئیں۔
شہزادی ھیفا المقرن اس وقت وزارت اقتصادیات اور منصوبہ بندی کے تحت جی 20 امور کے معاون نائب وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس عہدے پر انہیں 2018 میں تعینات کیا گیا تھا۔
اسی سال سے وہ دوسرے شہری منصوبہ بندی فورم میں سپیکر بھی مقرر ہوئیں۔
ان کے لیے یہ عہدہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انسانی حقوق کے لیے ان کی مہارت کا ثبوت ہے۔