Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادی ریما انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی رکن منتخب

شہزادی ریما کا نام جون میں رکنیت کے لیے پیش کی گیا تھا ( فوٹو سبق)
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے جمعے کو اجلاس میں شہزادی ریما بنت بندر کو کمیٹی کا رکن منتخب کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کمیٹی کا اجلاس سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزین میں ہوا ہے۔ صدارت انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر تھامس نے کی۔
اس موقع پر سعودی اولمپک کمیٹی کے چیئرمین اورکھیلوں کے وزیر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل بھی موجود تھے۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی مجلس عاملہ نے شہزادی ریما کا نام جون میں رکنیت کے لیے پیش کیا تھا-

کمیٹی کا اجلاس سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزین میں ہوا ہے۔

شہزادہ عبدالعزیز الفیصل نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا رکن منتخب ہونے پر شہزادی ریما کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’میں شہزادی ریما کو انٹرنیشنل اولمپک  کمیٹی کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ مسلسل کامیابی و کامرانی کے لیے میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں‘۔
یاد رہے کہ شہزادی ریما بنت بندر ان دنوں امریکہ میں سعودی عرب کی سفیر کے طور پر تعینات ہیں۔ اس سے قبل وہ سپورٹس پبلک اتھارٹی کے چیئرمین کی سیکریٹری بھی رہ چکی ہیں۔ اس وقت جنرل اتھارٹی کو وزارت میں تبدیل نہیں کیا گیا تھا۔ شہزادی ریما سعودی اولمپک آرگنائزیشن کی چیئر پرسن بھی رہ چکی ہیں۔

شہزادہ عبدالعزیز الفیصل نے رکن منتخب ہونے پر شہزادی ریما کو مبارکباد دی ہے۔

 شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان شاہی خاندان کی پہلی خاتون ہیں جنہیں سفیر تعینات کیا گیا ہے۔ شہزادی ریما اس سے پہلے تاجر خاتون کے طور پر اپنی صلاحیتیں منوا چکی ہیں ۔ 
شہزادی ریما کو 2014 میں فوربس میگزین نے 200 طاقتور عرب خواتین کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ ان کا شمار ان خواتین میں ہوتا ہے جو اپنی مثالی کارکردگی کی بنیاد پر اپنی شخصیت کو منواتی ہیں۔ شہزادی ریما کو ان کی خدمات کے صلے میں 2017 میں محمد بن راشد آل مکتوم ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

شیئر: