حلقہ 249 میں دوبارہ گنتی نہیں، پولنگ کرائی جائے: فواد چوہدری
حلقہ 249 میں دوبارہ گنتی نہیں، پولنگ کرائی جائے: فواد چوہدری
منگل 4 مئی 2021 14:34
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن کے دوران الیکشن کمیشن ایس او پیز پر عملدرامد کرنے میں ناکام رہا (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’کراچی کے حلقہ این اے 249 میں دوبارہ گنتی کا فائدہ نہیں، دوبارہ پولنگ ہونی چاہیے۔‘
منگل کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کورونا ایس او پیز پر سب سے کم عمل درآمد صوبہ سندھ میں ہوا جبکہ ضمنی الیکشن کے دوران الیکشن کمیشن بھی ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہا۔‘
بقول ان کے ’کراچی کے اثرات پورے ملک میں پڑتے ہیں۔‘ فواد چوہدری نے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ ’24 گھنٹوں کے دوران زیادہ تر اموات خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ہوئیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 161 افراد کورونا کے باعث انتقال کر گئے جبکہ مزید تین ہزار 377 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عید کی چھٹیوں کے دوران لاک ڈاؤن کا مقصد یہی ہے کہ کورونا کیسز کو روکا جائے۔‘ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’اس کے چار حصے ہیں جن میں پہلا حصہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) ہے۔
ان کے مطابق ’ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد پانچ منٹ میں پورا نتیجہ آجائے گا۔ یوں پورے حلقے کا نتیجہ صرف 20 منٹ میں آپ کے پاس ہو گا۔‘
دوسرے حصے کے حوالے انہوں نے بتایا کہ ’یہ ای ووٹنگ سے متعلق ہے جو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے گا۔‘
انہوں نے بتایا ک ’90 لاکھ پاکستانی دوسرے ممالک میں مقیم ہیں اور حکومت کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں، ہمارے ملک کی معیشت میں ان کا اہم کردار ہے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دینا چاہتے۔‘ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’ہم باہر رہنے والوں کو بھی اتنا ہی پاکستانی سمجھتے ہیں جتنا ملک کے اندر رہنے والوں کو۔‘
وزیر اطلاعات نے کابینہ اجلاس میں دو آرڈیننسز کی منظوری دیے جانے کے حوالے سے بتایا کہ ’پہلے آرڈیننس میں الیکشن کمیشن کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کر سکے گی۔‘
دوسرے آرڈیننس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’اس میں الیکشن کمیشن کو کہا گیا ہے وہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حوالے سے اقدامات کرے۔‘
فواد چوہدری نے ایک بار پھر مریم نواز اور بلاول بھٹو کو نابالغ قیادت کا طعنہ دیتے ہوئے کہا کہ ’انہیں پارلیمان کے کردار کا پتا نہیں، صبح اٹھ کر عمران خان کا جو بیان دیکھتے ہیں، اس کے خلاف چل پڑتے ہیں۔‘
انہوں نے یہ خیال بھی ظاہر کیا کہ ’مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی سیاست خاتمے کے قریب ہے۔‘ فواد چودہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’عید پر معمولی نوعیت کے جرائم میں قید قیدیوں کی سزا میں 60 روز کی کمی کی منظوری بھی دی گئی۔‘
ساتھ ہی انہوں نے یہ وضاحت بھی کہ ’اس کا اطلاق جاسوسی، دہشت گردی یا کسی اور سنگین جرم پر نہیں ہو گا۔‘
وراثتی سرٹیفیکیٹ کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ ’اس کا حصول آسان بنا گیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ’اب اس کے لیے عداالت نہیں جانا پڑتا، بلکہ اب یہ نادرا جاری کرتا ہے۔‘