سرکاری افسران کو دھمکی، ’رانا ثنا اللہ پر دہشتگردی کا مقدمہ درج ہو گا‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’رانا ثنا اللہ نے سرکاری افسران کے خلاف دہشت گردوں والی زبان استعمال کی‘ (فوٹو: اے پی پی)
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سرکاری افسران کو دھمکانے پر مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرایا جائے گا۔
سنیچر کو راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پنجاب پولیس کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’رانا ثنا اللہ نے وہی زبان استعمال کی جو ٹی ایل پی والے کرتے ہیں۔‘
وزیر اطلاعات نے رانا ثنا اللہ کو الطاف حسین بننے کے شوق کا طعنہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سرکاری افسران کے خلاف دہشت گردوں والی زبان استعمال کی۔
فواد چوہدری نے انہیں خبردار کرتے ہوئے کہا ’آپ کو قانون کا احترام کرنا پڑے گا، اگر آپ اداروں کو بلیک میل کرنے کی کوشش کریں گے تو گرفتار کیا جائے گا۔‘
جاتی عمرہ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ کو گرائے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ قبضہ گروپوں کے خلاف آٹھ مہینے قبل کام شروع ہوا تھا جس کے دوران ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاتی عمرہ کا معاملہ سامنے آیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’قبضے کی جگہ پر محل بنایا گیا۔‘
ان کے مطابق ’زمین ایک بے نامی بوڑھی خاتون کو الاٹ کرائی گئی جو پھر نواز شریف کی والدہ کے نام منتقل کی گئی۔‘
جہانگیر ترین کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ ان کا کیس عدالت میں ہے امید ہے کہ وہ وہاں اس کا سامنا کریں گے۔
رانا ثنااللہ نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل میں مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ وہ اپنے بات پر قائم ہیں اور یہ کہ سعد رضوی کے بیانات کا ان کے اور عمران خان کے بیانات سے موازنہ کیا جائے۔
مسلم لیگی رہنما نے وفاقی وزیر اطلاعات کو مخاطب کر کے کہا کہ ’فواد چوہدری مقدمہ درج کرنے میں دیر نہ کریں اور خود میرے خلاف مدعی بنیں۔‘
خیال رہے جمعے کے روز رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ ’چیف سیکریٹری پنجاب ریڈ لائن کراس نہ کریں، کل آپ کو جواب دینا ہو گا۔‘