Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خوشاب: پی پی 84 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی

نشست ن لیگ کے ملک وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔(فوٹو ٹوئٹر)
 پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 84  خوشاب میں مسلم لیگ ن نے اپنی چھوڑی ہوئی نشست پر دوبارہ فتح حاصل کی ہے۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق محمد معظم شیر کلو نے  پی ٹی آئی کےعلی حسین خان بلوچ کو شکست دی ہے۔
پی پی 84 خوشاب میں پی ٹی آئی کے علی حسین خان، ن لیگ کے ملک معظم کلو اور پیپلز پارٹی کے غلام حبیب احمد کے علاوہ  امجد رضا، اورنگزیب، عمران حیدر خان، الیاس خان آزاد اور کالعدم جماعت کے اصغر علی بھی الیکشن میں بطور امیدوار شریک تھے۔
 حلقہ پی پی 84 کی نشست ن لیگ کے ملک وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
مقامی میڈیا کے مطابق حلقے کے  229 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق ن لیگ کے امیدوار محمد معظم شیر کلو نے 73 ہزار 81  ووٹ حاصل کیے جبکہ پی ٹی آئی کےعلی حسین خان بلوچ  62 ہزار 903 ووٹ لےکر دوسرے نمبرپر ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ٹویٹ کیا ’پی پی 84 خوشاب میں انتخابی فتح پرعوام اور پارٹی امیدوار ملک معظم کلو کو مبارکباد‘۔
’عوام نے آٹا چینی چوروں کو مسترد کردیا ہے۔ یہ عوام کی طرف سے اس خدمت کا بھی اعتراف ہے جو مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں کی تھی اوریہ ووٹ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا ووٹ ہے‘۔
مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹ کیا’ ہر شہر میں عوام نے نواز شریف کی فتح کا اعلان کردیا ہے۔ ہر صوبے سے نواز شریف کے بیانیے کی تائید عوام کے حق حکمرانی کی فتح ہے‘۔
’نواز شریف کو مائنس کرنے والوں دیکھو۔ اللہ کے کام۔، صرف نواز شریف رہ گیا باقی سب مائنس ہو چکے ہیں‘۔
ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ’ شیروں کو دلی مبارکباد ۔ ملک معظم کو فتح بہت بہت مبارک‘۔
’خوشاب کےغیور عوام کا بہت شکریہ۔ ایک کلو چینی کے لیے دربدر کی ٹھوکریں آپ کا مقدر نہیں ہو سکتیں۔ مسلم لیگ ( ن) قوم کو اچھے دن لوٹائے گی‘۔
 

شیئر: