عید بازاروں میں قیمتوں کی نگرانی کےلیے وزارت تجارت سرگرم
عید بازاروں میں قیمتوں کی نگرانی کےلیے وزارت تجارت سرگرم
جمعرات 6 مئی 2021 11:31
زائد المعیاد وغیرمعیاری اشیا کی فروخت پر فوری کارروائی ہوتی ہے(فوٹو، ایس پ اے)
وزارت تجارت کی ٹیموں نے الجوف ریجن میں گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران کورونا ایس اوپیز اور قیمتوں کی نگرانی کے حوالے سے دو ہزار 4 سو سے زائد تفتیشی دورے کیے ۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت کے ریجنل ڈائریکٹر سامی الرویلی کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان المبارک اور عید الفطر کی مناسبت سے مارکیٹوں میں فروخت کی جانے والی اشیا کے نرخوں کی نگرانی کے لیے خصوصی دورے ترتیب دیئے جاتے ہیں۔
نگران دوروں کا مقصد تجاروں اور دکانداروں کونرخوں میں من مانی کرنے سے روکنا ہوتا ہے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری کاسامنا نہ کرنا پڑے اور وہ ماہ رمضان المبارک میں کسی طرح کی تنگی کا شکار نہ ہوں۔
ریجنل ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ وزارت کی تفتیشی ٹیموں نے مارکیٹوں میں فروخت کی جانےوالی اشیا کے نرخ اور معیار کے بارے میں بھی جانچ پڑتال کی۔
کورونا وائرس کے حوالے سے وزارت صحت کی جانب سے مقررہ ضوابط کی خلاف ورزیوں پر بھی وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نے کارروائیاں کیں ۔
وزارت تجارت کی جانب سے ریجن کے مختلف شہر اور کمشنریوں میں تفتیشی ٹیمیں سرگرم ہیں تاکہ عید بازاروں میں فروخت کی جانے والی اشیا کے نرخ اورمعیار کو یقینی بنایاجاسکے۔
زائد المعیاد یا غیر معیاری اشیا فروخت کرنے پروزارت تجارت کی تفتیشی ٹیمیں فوری طورپر کارروائی کرتی ہیں۔