صارفین عید کی شاپنگ مصروف اوقات میں نہ کریں: وزارت تجارت
صارفین عید کی شاپنگ مصروف اوقات میں نہ کریں: وزارت تجارت
منگل 27 اپریل 2021 20:08
کسی ایک وقت جمع ہوکر ہجوم بنانے سے گریز کیا جائے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں وزارت تجارت نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ عید الفطر کی شاپنگ مختلف اوقات میں کریں۔ کسی ایک وقت جمع ہو کر ہجوم نہ بنائیں۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ’بھیڑ کورونا وائرس کو پھیلنے میں مدد گار بنتی ہے جبکہ وزارت صحت وبا سے بچاؤ کے لیے کورونا ایس او پیز کے تحت بھیڑ پر پابندی لگائے ہوئے ہے۔‘
سعوی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت تجارت کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’صارفین غیر مصروف اوقات میں عید شاپنگ کریں تو کیشیئر کے پاس زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا اور بھیڑ بھی نہیں ہو گی اور کورونا ایس او پیز کی پابندی کا ماحول بنے گا۔‘
وزارت تجارت نے مالز اور تجارتی مراکز کو ہدایت کی کہ وہ اوقات کار میں توسیع کریں تاکہ صارفین مناسب وقت پر اشیائے ضرورت آسانی سے خرید سکیں۔
بیان میں وزارت تجارت نے کہا کہ رمضان کے اختتام سے قبل عید کے سامان کی خریداری خود صارفین کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ جلدی شاپنگ کریں گے تو انہیں نامناسب سامان بدلنے یا واپس کرنے کا موقع بھی مل جائے گا۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ رعایتی سیل کا سال بھر سلسلہ چلتا رہتا ہے کسی بھی وقت سستے سامان کی پیشکشوں سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’رش سے بچنے اور کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے آن لائن شاپنگ کی جا سکتی ہے اس سے فائدہ اٹھایا جائے۔‘
وزارت تجارت نے تمام تجارتی اداروں سے کہا کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ایس او پیز کی پابندی کریں اور کروائیں۔
وزرات تجارت کی جانب سے انتباہ بھی کیا گیا ہے کہ ‘یاد رکھیں کہ اگر کورونا ایس او پیز کی پابندی نہ کی گئی اور مالز و تجارتی مراکز میں حد سے زیادہ گاہک پائے گئے یا توکلنا ایپ موثر نہ کیا تو ان پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔‘