وزارت تجارت کی بیس ہزار سے زیادہ تفتیشی کارروائیاں
تفتیشی کارروائیوں کے دوران 830 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئی ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت تجارت کے انسپکٹرز نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر پابندیوں پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے مملکت بھر میں بیس ہزار سے زیادہ تفتیشی کارروائیاں کی ہیں۔ اس دوران 830 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئی ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت تجارت کے اہلکاروں نے یہ کارروائیاں تجارتی مراکز، غذائی اشیا فروخت کرنے والے مراکز، ریستورانوں اور عوامی صحت و سلامتی سے تعلق رکھنے والے تمام اداروں میں کی ہیں۔
گزشتہ ہفتے 20735 چھاپے مارے گئے۔ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں دس فیصد زیادہ تفتیشی کارروائیاں کی گئیں اور خلاف ورزیوں میں بارہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ وہ کووڈ 19 ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے چھاپہ مہم جاری رکھے گی۔ حفاظتی ماسک، سماجی فاصلے، سینیٹائزرز کی فراہمی، عملے اور گاہکوں کا درجہ حرارت چیک کرنے وغیرہ اقدامات کی پابندی کرائی جاتی رہے گی۔
یاد رہے کہ کورونا ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والے تجارتی ادارے پر دس ہزار ریال جرمانہ کیا جاتا ہے۔ دوسری بار خلاف ورزی پر جرمانہ دگنا کردیا جاتا ہے اور اسے سیل کردیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں حد سے زیادہ افراد جمع ہونے پر فی کس 5 ہزار ریال جرمانہ مقرر ہے۔