Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: انڈیا کے ہمسایہ ممالک نے سرحدیں، پروازوں بند کردیں

ایک ہفتہ پہلے نیپال نے بھی انڈیا سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا میں کورونا وائرس کی وبا بے قابو ہونے کے بعد پڑوسی ممالک نے انڈیا کے ساتھ اپنی سرحدیں اور پروازیں بند کر دی ہیں۔
وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جمعرات کو سری لنکا انڈیا کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کرنے والا تازہ ترین ملک بن گیا ہے۔ نیپال اور بنگلہ دیشن نے بھی انڈیا سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے جہاں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران کورونا کے کیسز میں بڑے پیمانے پر اضافے کے بعد ملک میں اس وبا سے ہونے والی ہلاکتیں دو لاکھ 30 ہزار اور وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد دو کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔
انڈیا سے پروازوں پر پابندی عائد کرنے والے مذکورہ تینوں ممالک میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

 

سری لنکا کی حکومت نے انڈیا سے آنے والے مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سری لنکا میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اب تک ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ 14 ہلاکتیں ریکارڈ ہوئی جب کہ ایک ہزار 939 کیسز سامنے آئے ہیں۔
سری لنکا کی نیوی کا کہنا ہے کہ انڈین ٹرالرز کو ملک میں داخلے سے روکنے کے لیے پٹرولنگ بڑھا دی ہے۔ نیوی کے مطابق اس نے منگل کو 11 ایسے جہازوں کو روکا جو کہ انڈیا سے ملک میں داخل ہو رہے تھے۔
بنگلہ دیش نے تمام بین الاقوامی پروازوں پر 14 اپریل کو پابندی لگا دی تھی اور ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد انڈیا کے ساتھ سرحد 26 اپریل کو مکمل بند کردی تھی۔
بنگلہ دیش میں کورونا سے اب تک 11 ہزار 755 ہلاکتیں اور سات لاکھ 67 ہزار 338 کیسز سامنے آئے ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
بنگلہ دیش کو انڈیا نے ایک کروڑ کورونا ویکسین کی خوراکیں فراہم کی تھی تاہم اب ویکسین کی سپلائی رک گئی ہے اور بنگلہ دیشی حکومت چینی ویکسین خریدنے کے لیے بات چیت کررہی ہے۔
ایک ہفتہ پہلے نیپال نے بھی انڈیا سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔
تاہم نیپال نے انڈیا میں پھنسے ہوئے شہریوں کو واپس لانے کے لیے ہفتے میں دو پروازوں کی اجازت دے رکھی ہے۔ انڈیا کے ساتھ تمام سرحدی گزر گاہیں بند ہیں اور صرف انڈیا میں پھنسے نیپالیوں کو ان کراسنگ سے واپس آنے کی جازت ہے۔

سری لنکا کی حکومت نے انڈیا سے آنے والے مسافروں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے مطابق نیپال کے کئی ہسپتال کورونا کے مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں۔
ریڈکراس کا کہنا ہے انڈیا کی سرحد کے قریب واقع شہروں کے ہسپتال بڑھتے مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہورہے ہیں۔ ریڈکراس کے مطابق نیپال میں گزشتہ مہینے کے مقابلے میں اس ماہ کورونا مریضوں کی تعداد 57 گنا زیادہ ہوگئی ہے۔
ریڈکراس کا کہنا ہے کہ نیپال، بنگلہ دیش اور پاکستان میں کورونا سے ہلاکتوں کی شرح میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
ریڈکراس ایشیا پیسیفک کے ڈائریکٹر الیگزینڈر میتھیو کا کہنا ہے کہ ’ہمیں اس حوالے سے اقدامات اٹھانے ہیں اور فوری اٹھانے ہیں تاکہ اس انسانی المیے کو روکا جا سکے۔‘
دوسری جانب مالدیپ کے لگژری سیاحتی مقامات نے بھی انڈیا سے آنے والے سیاحوں کے لیے پابندیاں سخت کر دیں ہے۔ انڈیا سے آنے والوں کے لیے منفی کورونا ٹیسٹ لازی قرار دے دی گئی ہے۔
انڈیا، سری لنکا اور مالدیپ کے لیے سب سے بڑی ٹورسٹ مارکیٹ ہے۔  خیال رہے پاکستان نے بھی انڈیا سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ 

شیئر: