حرمین شریفین میں 27 اور 29 رمضان کے لیے خصوصی انتظامات
حرمین شریفین میں 27 اور 29 رمضان کے لیے خصوصی انتظامات
اتوار 9 مئی 2021 11:29
ہر علاقے کو پاک صاف رکھنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔(فوٹو رئاسہ شوون)
مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کی 27 ویں اور 29 ویں رات میں زائرین اور نمازیوں کے لیے مساجد میں استقبال کے لیے خصوصی انتظام کئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق حرمین شریفین کے امورکی جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان ہانی بن حسنی حیدر نے بتایا ہے کہ حکام نے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے خصوصی طور پر حفاظتی اقدامات کر رکھے ہیں۔
ہانی بن حسنی حیدر نے بتایا کہ طہارت خانوں کے اندر بھی صفائی ستھرائی کو مد نظر رکھتے ہوئے نمازیوں کو جراثیم سے محفوظ رکھنے کے کاموں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
جراثیم کش ادویہ کے ساتھ تکنیکی نگرانی کا آپریشن بھی جاری ہے۔ اس کے ساتھ حرمین شریفین کے اندر ترسیلات کے لیے خصوصی گاڑیوں کا انتظام بھی موجود ہے۔
ہانی حیدر نے بتایا ہے کہ حرمین شریفین میں ہمارے شعبے کا عملہ چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔
حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس کی نگرانی میں پورا عملہ زائرین اور نمازیوں کو داخلی اور خارجی راستوں کے علاوہ حرمین کے اندر ہر جگہ پر رہنمائی کے ساتھ ساتھ خصوصی خدمات مہیا کر رہا ہے۔
زائرین اور نمازیوں کے لیے داخلی اور خارجی راستوں کو بلا رکاوٹ آنے جانے کے لیے انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ہر جگہ حفاظتی انتظامات کے ساتھ حفظان صحت اور دیگر احتیاطی امور کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ حکام کا حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کو مکمل تعاون حاصل ہے۔
ہانی حیدر نے بتایا ہے کہ حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی دونوں مقدس مقامات کے لیے مملکت کی جانب سے کی جانے والی عظیم کوششوں کو اجاگر کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔