واٹس ایپ ویب اپنے صارفین کے لیے نیا کیا لا رہا ہے؟
واٹس ایپ ویب اپنے صارفین کے لیے نیا کیا لا رہا ہے؟
منگل 11 مئی 2021 21:09
واٹس ویپ ویب پر بآسانی چیٹ ہو سکتی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فیس بک کے زیر ملکیت واٹس ایپ بنیادی طور پر ایک موبائل ایپلی کیشن ہے، البتہ اس کا ویب ورژن اور کمپیوٹر ایپ بھی موجود ہیں۔ ڈیسک ٹاپ یا لیپ ٹاپ کے ذریعے لوگ بآسانی چیٹنگ بھی کر سکتے ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق 2015 کے بعد اس پلیٹ فارم نے موبائل ایپلی کیشن کو کمپیوٹر پر قابل استعمال بنا رکھا ہے۔ اگرچہ واٹس ایپ کے یہ غیر موبائل ورژن بلا شبہ استعمال کرنا آسان ہیں، لیکن یہ بڑی پابندیوں کا شکار ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس وقت کمپیوٹر کے ذریعے واٹس ایپ ایپلی کیشن کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو اب بھی اپنے موبائل فون کو اپنے ساتھ رکھنے کی ضرورت ہے۔
رپورٹس کے مطابق فون کے کیمرہ کو واٹس ایپ میں لاگ ان کرنے کے لیے کیو آر کوڈ سکین کرنے کے دن ختم ہو رہے ہیں اور یہ تب ہو سکتا ہے اگر اس کے لیے کمپنی کا تجربہ کامیاب ہوجاتا ہے۔
موبائل فون منسلک نہیں ہوگا
واٹس ایپ ویب پر کام کرنے کے لیے آپ کواپنا موبائل فون ساتھ رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے جس کو صارفین طویل عرصے سے تبدیل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ اب یہ ظاہر ہوتا ہے کہ واٹس ایپ صارفین کے مطالبات کو سن رہا ہے اور آن لائن ایپ کی جانچ کر رہا ہے جس میں متصل فون کی ضرورت نہ ہو۔
جیسا کہ واٹس ایپ ویب ڈیمو پلیٹ فارم کے تازہ ترین بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ ’آپ کو اپنے فون کو واٹس ایپ ویب، کمپیوٹر ایپ اور پورٹل کے استعمال سے مربوط رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘ اس کے علاوہ اس کا آزمائشی وژرن بیک وقت چار آلات میں استعمال ہوسکے گا۔
لوگوں کی زندگی میں آسانیاں
اگر آپ اپنے فون سے دور ہیں اور واٹس ایپ ویب کو استعمال کرنا چاہتے ہیں یا اگر آپ اپنا موبائل فون کھو جاتے ہیں، یا اگر آپ کے سمارٹ فون کی مرمت ہو رہی ہے تو بھی آپ اسے استعمال کرسکیں گے۔ امید کی جاتی ہے کہ پلیٹ فارم جلد ہی آپ کی اس قسم کی خواہشات کو پورا کر سکے گا۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ کے حریف ٹیلی گرام نے ایک طویل عرصے سے یہ خصوصی فیچر فراہم کی ہے، اور پچھلے کچھ مہینوں میں واٹس ایپ کےبہت سے صارفین نے رازداری کی پالیسی کو اپ ڈیٹ کرنے کی پریشانیوں کے سبب ٹیلی گرام جوائن کرنے کا ارادہ بنایا ہے۔