ایس او پیز کی خلاف ورزی، نجی ایئر لائن کا اجازت نامہ منسوخ
ایس او پیز کی خلاف ورزی، نجی ایئر لائن کا اجازت نامہ منسوخ
پیر 17 مئی 2021 10:33
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
سول ایوی ایشن کے مطابق بار بار وارننگ کے باوجود نجی ایئر لائن نے کورونا ایس او پیز کو نظر انداز کیا ہے۔ (فوٹو: فلکر)
نجی ایئر لائن ایئر بلیو کی جانب سے مسلسل کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 17 مئی کو دبئی سے پشاور آنے والی پرواز کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی سعد بن ایوب کے مطابق وارننگ کے باوجود نجی ایئر لائن کی جانب سے کورونا سے متاثرہ مسافروں کو لایا گیا ہے۔
’10 مئی کو دبئی سے پشاور آنے والی پرواز میں 24 مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جبکہ 16 مئی کو شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز سے آنے والے 27 مسافروں میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔‘
ترجمان کے مطابق نجی ایئر لائن کی جانب سے بار بار وارننگ کے باوجود کورونا ایس او پیز کو نظر انداز کیا گیا ہے جس سے دیگر مسافروں کو خطرات کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستانی حکام کی جانب سے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں میں متعدد مثبت کیسز سامنے آنے کے بعد جعلی پی سی آر ٹیسٹ کروانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
گزشتہ ہفتے پی آئی اے کی جانب سے عمان سے آنے والے مسافروں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد پی سی آر ٹیسٹ پر عمانی وزارت صحت کی مہر کی شرط عائد کر دی گئی تھی۔
پاکستانی حکام نے کہا تھا کہ گزشتہ چند دنوں میں عمان سے پاکستان پہنچنے والے بیشتر مسافروں کے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آ رہے ہیں۔
این سی او سی اور وزارت صحت کے حکام نے اس صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور ایئر لائن کے مثبت کیسز کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی حکام نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذریعے پروازوں کی معطلی، جرمانے یا دونوں صورتوں میں سزائیں دینے کی وارننگ جاری کی تھی۔
حکام کے مطابق کورونا پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ منفی ہونے کے باوجود ایئر پورٹ پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ مثبت آنے کی ایک ممکنہ وجہ کورونا پی سی آر جعلی ٹیسٹ رپورٹ ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں پر 72 گھنٹے قبل کی منفی کورونا رپورٹ کی شرط عائد کر رکھی ہے جبکہ ایئر پورٹ اترنے پر بھی مسافروں کے ریپیڈ اینٹیجن ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔