نیب کا راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں مبینہ کرپشن کا نوٹس، تحقیقات کا حکم
پیر 17 مئی 2021 15:36
وسیم عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ ’تفتیشی ٹیمیں راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں بدعنوانی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی بدعنوانی، بے ضابطگی اور غیر قانونی طور پر زمین لینے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے نیب راولپنڈی کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
اسلام آباد سے جاری نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے نیب راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ ’راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی تحقیقات بلاامتیاز اور قانون کے مطابق مکمل کی جائے اور منصوبے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔‘
انہوں نے ہدایت کی کہ ’تفتیشی ٹیمیں راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں بدعنوانی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل حکومتی انکوائری میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ راولپنڈی میں رنگ روڈ منصوبے کے نقشے میں تبدیلی کے ذریعے کچھ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو فائدہ پہنچایا گیا تھا۔
فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد محمود اور معطل ہونے والے لینڈ ایکوزیشن کمشنر وسیم تابش نے سڑک کے لیے زمین کے حصول کی غرض سے غلط طریقہ کار سے 2 ارب 30 کروڑ کا معاوضہ ادا کیا اور اراضی حاصل کرتے ہوئے سنگ جانی کے معروف خاندان کو فائدہ پہنچایا۔
دوسری جانب اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن نے رنگ روڈ منصوبے کی ری الائنمنٹ منظور کرنے کے معاملے پر وفاقی کابینہ کے دو ارکان کو فائدہ پہنچانے کا الزام عائد کیا تھا۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق ’اس انکوائری سے نہ تو وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور نہ ہی اس سے براہِ راست ’مستفید ہونے والے‘ غلام سرور خان اور زلفی بخاری کو استثنٰی دیا جاسکتا ہے۔