یورپی یونین کا ویکسینیشن مکمل کرانے والے مسافروں کے لیے سرحدیں کھولنے کا فیصلہ
یورپی یونین کا ویکسینیشن مکمل کرانے والے مسافروں کے لیے سرحدیں کھولنے کا فیصلہ
بدھ 19 مئی 2021 16:59
مارچ 2020 سے یورپی یونین کے غیر ضروری سفر پر پابندی عائد ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
یورپی یونین کے رکن ممالک نے ان افراد کے لیے اپنی سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جو کورونا ویکسین کی مکمل خوراکیں لے چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نئے قوانین کے تحت یورپی یونین کی منظور شدہ ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوانے والوں کے لیے یورپی بلاک میں داخلہ ممکن ہوگا۔
برسلز میں بدھ کو ہونے والے اجلاس کے دوران سفارتکاروں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کورونا کے نئے کیسز کی حد جو کسی ملک کے لیے خطرناک قرار دی گئی ہے، اس طے شدہ تعداد کو بھی بڑھایا جائے۔
یورپی یونین کے قواعد کے مطابق اگر دو ہفتے کے دوران ایک لاکھ افراد میں سے 75 کورونا وائرس سے متاثر ہوتے ہیں تو ایسے ممالک کا شمار سبز فہرست میں ہی ہوگا۔ یہ تعداد 25 سے بڑھا کر 75 کر دی گئی ہے تاکہ دیگر ممالک سے آنے والوں کے لیے بھی یورپی یونین کا سفر ممکن بنایا جا سکے۔
یورپی یونین کے قواعد کے مطابق اس وقت صرف سات ممالک سبز فہرست میں ہیں جن میں آسٹریلیا، اسرائیل، نیوزیلینڈ، راوانڈا، سنگاپور، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور چین شامل ہیں۔
اجلاس میں طے ہونے والی سفارشات جمعے کے دن یورپی یونین کے وزرا اپنائیں گے۔
یورپی یونین کمیشن کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ اجلاس کے دوران سفارتکاروں نے سفر سے متعلق قواعد و ضوابط میں تبدیلی پر اتفاق کیا ہے۔
مارچ 2020 سے 27 رکن ممالک کے غیر ضروری سفر پر پابندی عائد ہے، سوائے ان چند ممالک کے جہاں کورونا کیسز کی تعداد انتہائی کم ہونے کے باعث انہیں محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں میں نرمی کے بعد سے یورپی ممالک میں کاروبار اور تفریحی مقامات کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔
یوپی یونین کے رکن ممالک نے ایسا ایمرجنسی نظام ترتیب دینے پر بھی اتفاق کیا ہے جس کے تحت ایسے ملک سے آنے والے مسافروں کو فوری روکا جا سکے جہاں کورونا وائرس کی نئی قسم اچانک سامنے آئی ہو۔ ان ممالک میں یورپی یونین کے رکن ممالک کا شمار نہیں ہوگا۔