Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف پر لندن میں حملہ آور ہونے کی کوشش کی گئی: مریم نواز

شہباز شریف نے لندن میں حسن نواز کے دفتر میں نامعلوم افراد کے گھسنے کی کوشش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔(فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز شریف نے کہا کہ لندن میں نواز شریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق جمعے کو لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر میں نامعلوم افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔
سینٹرل لندن میں واقع حسن نواز کے دفتر میں نواز شریف، اسحاق ڈار اور عابد شیر علی بھی موجود تھے۔
اس دوران دفتر میں نامعلوم افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی ہے، حسن نواز کے دفتر  پر آنے والے افراد نے نواز شریف کے گارڈز سے بحث بھی کی۔
لندن پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
مریم نواز نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’نواز شریف کی زندگی کے ساتھ دوران حراست کھلواڑ کرنے والے اب تک باز نہیں آئے۔نواز شریف کا مقابلہ اس سوچ سے ہے جس نے میری بیمار والدہ کی تصویریں بنانے کی کوشش کی،ہوٹل میں میرے کمرے کا دروازہ توڑا اور آج پھر نواز شریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی۔ خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے۔‘
دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی لندن میں حسن نواز کے دفتر میں نامعلوم افراد کے گھسنے کی کوشش پر تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔
شہباز شریف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’لندن میں حسن نواز کے دفتر میں حملے کی نیت سے زبردستی غنڈوں کا گھس آنا انتہائی قابل مذمت، شرمناک اور تشویشناک امر ہے۔ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ قائد محمد نوازشریف اس  حملے میں محفوظ رہے۔ ان نقاب پوش حملہ آوروں کا مسلح ہوکر محمد نوازشریف پر مذموم حملے کی نیت سے دفتر میں گھس آنا لمحہ فکریہ ہے۔ لندن پولیس اور متعلقہ حکام اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرائیں اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ لندن مسلم لیگ (ن) کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کرائیں۔‘

شیئر: