پاکستان میں 30 سے 40 سال کی عمر کے افراد کی ویکسینیشن سنیچر سے
ویکسینیشن کے لیے حکومت نے مختلف شہروں میں سینٹرز قائم کیے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں 30 سے 40 سال کی عمر کے افراد کو ویکسین لگوانے کا آغاز آج سنیچر سے ہو گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کہا ہے 30 سے 40 سال کی عمر کے افراد رجسٹریشن کروا لیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے جمعے کو کہا تھا کہ سنیچر سے 30 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان میں پہلے مرحلے میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ویکسین لگانے کا آغاز فروری میں ہوا تھا جبکہ دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو ویکسین لگائی گئی۔
حکومت نے اساتذہ کو بھی ویکسین لگانے کا عمل پانچ جون تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چار ہزار سات نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ مثبت کیسز کی شرح چھ اعشاریہ 43 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کی وبا سے 88 افراد ہلاک ہوئے۔
پاکستان میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد اس وقت 63 ہزار 436 ہے اور اب تک 20 ہزار 177 اموات ہو چکی ہیں۔