فہد مصطفیٰ کی دھواں دار بیٹنگ، ’آپ غلط پروفیشن میں ہیں‘
اداکار فہد مصطفی نے جیتو پاکستان شو کی میزبانی سے بے پناہ مقبولیت حاصل کی ہے۔ (فوٹو: فہد مصطفی فیس بک)
پاکستان کے ایک نجی ٹیلی ویژن شو جیتو پاکستان میں میزبانی کے منفرد انداز سے سے جگہ بنانے والے اداکار فہد مصطفی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈویو شئیر کی جس میں وہ نہ صرف بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں بلکہ انجوائے بھی کر رہے ہیں۔
اس ویڈیو کو جہاں فہد مصطفی کے مداحوں نے پسند کیا وہیں کرکٹ کی دنیا کے نامور کھلاڑی بھی فہد کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے لکھا ’بھائی واہ واہ آپ بھی ابو ظبی ساتھ آجائیں۔‘
جب کہ دوسری جانب راولپنڈی ایکسپرس شعیب اختر نے فہد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’لگتا ہے آپ غلط پروفیشن میں ہیں آپ کو پاکستان کے لیے کھیلنا چاہیے لیکن پہلے میرے ساتھ نیٹس میں آمنا سامنا ہونا چاہیے؟‘ اس پیشکش کے جواب میں اداکار و میزبان فہد مصطفی نے کہا کہ ’نہ کریں شعیب بھائی میں سو نہیں سکوں گا۔‘
مشہور ٹی وی میزبان اقرالحسن نے شیعب اختر کی پیشکش سے اتفاق کرتے ہوئے لکھا کہ ’شیعب بھائی آپ کہہ تو ٹھیک رہے ہیں ہمارا کھلاڑی بھی اچھا ہے لیکن ہم نے اپنا کھلاڑی زخمی نہیں کروانا۔‘
اس حوالے سے ہونے والی بحث میں کرکڑز کے علاوہ گلوکار اور اداکار بھی حصہ لیتے نظر آئے گلوکار علی ظفر نے اس حوالے سے ہونے والی گفتگو کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فہد کو لاہور آکر کھیلنے کی دعوت بھی دے ڈالی جس کے جواب میں فہد نے کہا یہ دعوت نامہ کم اور چیلنج زیادہ لگ رہا ہے۔
ٹوئٹر صارف ندیم قریشی نے لکھا کہ ’یہ پہلا بندہ ہوگا جو اداکاری سے کرکٹ کی طرف جائے گا ورنہ ہمیشہ اس کے الٹ ہوتا آیا ہے۔‘
سوشل میڈیا صارفین میں سے اکثر کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوگیا تو یہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا۔