حج سمارٹ کارڈ کے لیے مکہ ایوارڈ آف ایکسیلینس
سمارٹ کارڈ مختلف سہولتوں اور کیمپوں تک رسائی فراہم کرتا ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کورونا کی عالمی وبا کے دوران حج اور عمرہ کی خدمات فراہم کرنے کی اپنی کوششوں کے لیے مکہ ایوارڈ آف ایکسیلینس جیتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ان کوششوں میں حجاج کے لیے طریقہ کار کی سہولت فراہم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے نظام کو متعارف کرانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات میں سمارٹ کارڈ شامل ہیں۔
سعودی عرب کے حج اور عمرہ کے نائب وزیر ڈاکٹر عبد الفتاح بن سلیمان مشاط نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’سمارت کارڈ حاجیوں کو مہیا کی جانے والی تمام خدمات سے منسلک ہے جیسےکیمپوں، آمدورفت کے ذرائع، ہوٹلوں تک رسائی، پی او ایس اور اے ٹی ایم میں ادائیگی کے علاوہ لاپتہ ہوئے زائرین کی رہنمائی اور بھیڑ والے مقامات کی نشاندہی کرنا۔
واضح رہے کہ حج سمارٹ کارڈ ایک انکرپٹڈ اور معیاری کارڈ ہے جو حجاج کے لیے مہیا کیا جاتا ہے جس میں بہت سی خدمات اور معلومات شامل ہیں اور اسے سمارٹ فون ایپ سے منسلک کیا جاتا ہے۔
سمارٹ کارڈ نیر فیلڈ کمیونیکیشن (این ایف سی) ٹیکنالوجی پر انحصار کرتا ہے جس کی وجہ سے کارڈ مقدس مقامات میں تقسیم کردہ سیلف سروس ڈیوائسز کے ذریعے پڑھنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ بار کوڈ زائرین کے بارے میں متعلقہ معلومات فراہم کرتا ہے، ان کی ذاتی، طبی اور رہائش کی تمام معلومات رکھتا ہے۔
سمارٹ کارڈ مختلف سہولتوں اور کیمپوں تک رسائی فراہم کرتا ہے، یہ سمارٹ فونز پر ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ایک کیو آر کوڈ پر مشتمل ہے۔یہ مکہ،مدینہ اور مقدس مقامات میں زائرین کو ان کی رہائش گاہوں کی رہنمائی کرتا ہے اور غیر قانونی حج (غیر مجاز زائرین) کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
مکہ مکرمہ گورنریٹ نے گذشتہ 12 سال سے سائنسی،عملی اور دانشورانہ شعبوں میں معیار اور کارکردگی کی سطح کو بڑھانے اور بین الاقوامی سطح پر ملک کے مقام کو فروغ دینے کے لیے کی جانے والی نمایاں کاوشوں کے لیے مکہ ایوارڈ آف ایکسیلینس جاری کیا ہے۔