کابینہ نے ڈویلپمنٹ اور ریسرچ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی
کابینہ نے ڈویلپمنٹ اور ریسرچ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی
بدھ 2 جون 2021 10:28
کابینہ کے فیصلے کے مطابق غیر منافع بخش شعبے کے لیے قومی مرکز قائم کیا جائے گا۔ (فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں کابینہ کا آن لائن اجلاس ہوا ہے جس میں بین الاقوامی معاملات اور ملکی امور کا جائزہ لیا گیا نیز اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کابینہ نے ڈویلپمنٹ اور ریسرچ اتھارٹی قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔
عمرہ کی اعلی کمیٹی کی تنظیم اور لائحہ عمل کے علاوہ اختیارات کی تقسیم کے لئے ضابطوں کی بھی منظوری دی ہے۔
کابینہ کے فیصلے کے مطابق غیر منافع بخش شعبے کی بہتری کے لیے قومی مرکز قائم کیا جائے گا۔
کابینہ نے جن شعبوں کو نجکاری کی جارہی ہے، ان کے کارکنوں اور اہلکاروں کے معاملات کی انجام دہی کے طریقہ کار کو بھی منظور کیا ہے۔
قبل ازیں کابینہ کے آغاز میں خادم حرمین شریفین نے کابینہ ارکان کو سلطان عمان ہیثم بن طارق بن تیمور سے ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو اور کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح سے موصول ہونے والے مکتوب کے متعلق آگاہ کیا ہے۔
بعد ازاں کابینہ نے ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان اور کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح کے درمیان ہونے والے اجتماع کے مندرجات سے آگاہی حاصل کی۔
کابینہ کو عالمی اور مقامی سطح پر کورونا کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ جبکہ ملک میں ویکسین کی رفتار اور صورتحال پر کابینہ ارکان نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔