Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وژن 2030 کے پانچ برس مکمل، کارکردگی رپورٹ کابینہ میں پیش

کابینہ کا ورچول اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں ہوا ہے۔(فوٹو ایس پی اے) 
سعودی کابینہ کا ورچول اجلاس منگل کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا ہے۔ 
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ نے ماحولیاتی سربراہ کانفرنس سے شاہ سلمان کے خطاب پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ’شاہ سلمان نے اس کے ذریعے موسمی تبدیلیوں کے مسئلے سے نمٹنے، کاربن کے اخراج میں کمی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے سعودی عرب کے قائدانہ کردار کو اجاگر کیا ہے‘۔  
ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی وژن 2030 کے اجرا پر پانچ برس مکمل ہونے پر وژن کے پروگراموں اور منصوبوں کی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ کابینہ کو پیش کی۔ وژن کے اجرا 25 اپریل 2016 کو ہوا تھا۔  
شاہ سلمان نے سعودی وژن 2030 کے سٹراٹیجک اہداف کی تکمیل میں سرکاری اداروں، شہریوں، پرائیویٹ سیکٹر اور غیر منافع والے اداروں کے کردار کے لیے قدرو منزلت کا اظہار کیا۔
انہوں نے تمام وزرا اور عہدیداروں کو ہدایت کی کہ ’آئندہ مرحلے میں وژن کے باقی ماندہ اہداف کی تکمیل کے  لیے جملہ وسائل وقف کردیں اور اپنی تمام توانائیاں اس مقصد کے لیے بروئے کار لائیں‘۔
سعودی کابینہ نے خطے کے امن و استحکام کو متزلزل کرنے والے ایران کے اشتعال انگیز اقدامات خصوصا ایٹمی پروگرام پر گہری تشویش کا اعادہ کیا۔  
 کابینہ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ’وہ فلسطینی عوام اور ان کے جائز حقوق تک رسائی کا معاہدہ کرانے کے لیے اسرائیلی پالیسیوں کاسختی سے نوٹس لے اور امن عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا کردارادا کرے‘۔
سعودی کابینہ نے کورونا وبا کے ملکی اور بین الاقوامی حالات کے جائزے پر مشتمل رپورٹ کا جائزہ لیا اور وبا پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 
کابینہ نے متعدد فیصلے بھی کیے ہیں۔ اٹلی کے دفتر خارجہ کے  ساتھ سٹراٹیجک مکالمے سے متعلق مفاہمتی یادداشت، ویتنام کی نیوز ایجنسی کے ساتھ تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔
جاپان کی وزارت صحت و محنت و سماجی امورکے ساتھ طبی مصنوعات کے سلسلے میں تعاون کی یادداشت کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

شیئر: