Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور: پولیس اہلکار کو رینج روور گاڑی سے کچلنے والا ملزم گرفتار

منور خان نامی پولیس اہلکار کو فوری طور سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا (فوٹو ٹوئٹر سلمان کامی)
پاکستان کے شہر لاہور میں پولیس نے اس شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس نے ایک روز قبل پولیس اہلکار پر رینج روور گاڑی چڑھا دی تھی۔
اس سے پہلے واقعے کی ایف آئی آر بھی زخمی پولیس اہکار کی مدعیت میں درج کی گئی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق لاہور کے فائیو سٹار آواری ہوٹل سے پولیس کو ایک کال موصول ہوئی کہ ایک شخص اپنے آپ کو حساس ادارے کا افسر بتا رہا ہے اور کمرہ بک کرنے کی ڈیمانڈ کر رہا ہے۔
کال پر دو پولیس اہلکار ہوٹل کے اندر پہنچے اور شناخت ظاہر نہ کرنے پر حمزہ جاوید نامی شخص کو گرفتار کر لیا۔
ایک پولیس اہلکار ان کی گاڑی رینج روور میں ساتھ بیٹھ گیا جب کہ دوسرا اہلکار اپنی موٹر سائیکل پر گاڑی کے پیچھے پیچھے آ رہا تھا۔ جونہی گاڑی تھانہ سول لائنز کے قریب پہنچی تو حمزہ جاوید نامی شخص نے گاڑی بھگا دی اور پولیس اہلکار کو اغوا کر لیا۔
ایف آئی آر کے مندرجات کے مطابق یہ شخص کینال روڑ پر پہنچا اور اس نے پولیس اہلکار کو نیچے اترنے کے لیے کہا۔ اہلکار کے اترتے ہی اس نے گاڑی ریورس کی اور منور خان نامی اسی اہلکار پر چڑھا دی۔
اس واقعے کی سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز بھی وائرل ہیں جن میں سے ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انڈر پاس کے قریب ایک سفید رینج روور کے پچھلے ٹائر کے نیچے ایک شخص پھنسا ہوا ہے۔ اور ارد گرد لوگ اکھٹے ہو رہے ہیں جو اس گاڑی کو اٹھا کر نیچے سے گرے شخص کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں اسی دوران حمزہ جاوید نامی شخص دوبارہ گاڑی میں بیٹھتا ہے اور گاڑی کو تیزی سے وہاں سے نکالتا ہے۔
اسی دوران دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل بھی گاڑی کے نیچے پھنسی ہوئی ہے۔ اور وہ ساتھ ہی گھسیٹی جارہی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق منور خان نامی پولیس اہلکار کو فوری طور سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی معائنے میں ان کی دائیں ٹانگ ٹوٹی ہو پائی گئی۔

پولیس نے اغوا کی کوشش اور جان سے مارنے کی کوشش کے الزامات کے تحت یہ مقدمہ درج کیا ہے (فوٹو ٹوئٹر سلمان کامی)

پولیس نے اغوا کی کوشش اور جان سے مارنے کی کوشش کے الزامات کے تحت یہ مقدمہ درج کیا ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق جب حمزہ جاوید نامی یہ شخص انڈر پاس سے نکلا تو نیچے آئی موٹر سائیکل کی ٹینکی پھٹ گئی اور برکت مارکیٹ کے نزدیک گاڑی نے آگ پکڑ لی۔
سوشل میڈیا پروائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو اہلکار رینج روور کو لگی آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بعد ازاں ملزم جلتی گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔
لاہور پولیس نے آج ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کی ہتھکڑیوں میں ایک تصویر بھی جاری کی ہے۔

شیئر: