ریاض میں آئسولیشن کی خلاف ورزی، 169 افراد گرفتار، غیر ملکی بیدخل ہوں گے
الشرقیہ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 28 افراد گرفتار ہوئے(فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں ریاض پولیس نے کورونا وائرس کے 169 مصدقہ مریضوں کو ہاؤس آئسولیشن اور قرنطینہ کی ہدایات کی پابندی نہ کرنے پر گرفتار کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق پولیس ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ’ کورونا کے مصدقہ مریض بیرون مملکت سے سعودی عرب پہنچے تھے۔ انہیں قرنطینہ کا پابند بنایا گیا تھا تاہم انہوں نے اس کی پابندی نہیں کی۔ اطلاع ملنے پر ریاض پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا‘۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ان پر دو لاکھ ریال تک کا جرمانہ یا دو برس تک قید کی سزا ہوسکتی ہے اور دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ کورونا کے مصدقہ مریضوں کو ہاؤس آئسولیشن کی پابندی نہ کرنے والے غیرملکیوں کی مملکت سے بیدخلی بھی ہوگی اور سزا کاٹنے کے بعد انہیں بلیک لسٹ بھی کردیا جائے گا‘۔
علاوہ ازیں الشرقیہ پولیس نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 28 نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔
زیر حراست افراد حفر الباطن کے ایک گیسٹ ہاؤس میں غیر قانونی طریقے سے جمع تھے۔
الشرقیہ پولیس کے ترجمان محمد الشہری نے بتایا کہ’ تقریب کے ناظم، میزبان اور گیسٹ ہاؤس کے ذمہ دار پر مقررہ جرمانے عائد کردیے گئے۔ تقریب میں شرکت کرنے والے تمام نوجوانوں پر بھی جرمانے لگائے گئے‘۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت داخلہ پہلے ہی سے خبردار کیے ہوئے ہے کہ حد سے زیادہ افراد پر مشتمل تقریب کے میزبان، منتظم اور شرکا ہر ایک کو قانون مخالف گردانا جائے گا اور سب پر مقررہ جرمانے ہوں گے۔