Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈین وزیراعظم نے مسلم خاندان پر حملہ دہشت گردی قرار دے دیا

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مسلمان خاندان کے چار افراد کے قتل کے واقعے کو 'دہشت گرد حملہ' قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اونٹاریو کے شہر لندن میں ٹرک کے ذریعے کچل کر ہلاک کیے جانے کے واقعے کے بعد ایوان نمائندگان میں خطاب کرتے ہوئے جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ 'یہ قتل حادثہ نہیں۔ یہ ہماری کمیونٹیز کے دل میں ایک دہشت گرد حملہ تھا جس کے پیچھے نفرت تھی۔'
قبل ازیں پاکستان نے کینیڈا میں چار پاکستانی نژاد افراد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ المناک واقعہ بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کا مظہر ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے میڈیا نمائندوں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ ’ہم اونٹاریو کے شہر لندن میں اسلاموفوبیا کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں جس میں پاکستانی نژاد خاندان کے چار افراد کی موت ہوئی۔ مرنے والے افراد کے لیے دعائیں اور ان کے خاندان سے افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔‘
ترجمان کے مطابق اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن اور ٹورنٹو میں قونصلیٹ جنرل متعلقہ کینیڈین حکام سے قریبی رابطے میں ہیں تاکہ واقعہ کی مکمل تفصیل حاصل کی جا سکیں اور اس سنگین جرم کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے تک لایا جا سکے۔
ترجمان نے بتایا کہ ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی ہے مرنے والوں کی تعزیت کرتے ہوئے تمام ممکنہ معاونت فراہم کرنے کا بتایا ہے۔
’یہ واقعہ منظم انداز میں بڑھتے اسلاموفوبیا کا ایک اور مظہر ہے۔ کینیڈین وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ ان کے کسی بھی کمیونٹی میں اسلاموفوبیا کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اس طرح کے واقعات عالمی برادری کو بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے لیے مزید کام کرنے کی طرف بڑھنے کو ابھارتے ہیں۔‘

واقعہ میں زخمی ہونے والے بچے کے کلاس فیلو بھی اپنے خاندان کے ساتھ جائے وقوعہ پر آئے۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی نژاد خاندان کے ساتھ پیش آنے والے المناک واقعے کے بعد پاکستان میں تعینات کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی نژاد خاندان کے قتل کے بعد کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے مثبت ردعمل کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
اس سےقبل پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کینیڈین شہر لندن میں پاکستانی نژاد خاندان کے افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے واقعات مغربی ممالک میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کی نشاندہی کرتی ہے۔ 
خیال رہے کہ گذشتہ روز کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں حکام کے مطابق ایک ٹرک ڈرائیور نے ایک مسلم خاندان کے چار افراد کو گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھا کر ’سوچے سمجھے منصوبے‘ کے تحت کچل کر ہلاک کر دیا تھا۔

شیئر: