Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نادرا سینٹرز سے کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹس کا آغاز

این سی او سی کے مطابق پانچ جون سے نادرا نے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹس جاری کرنا شروع کیے ہیں۔ (فوٹو: این سی او سی)
پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کہا ہے کہ ’پانچ جون سے نادرا کے تمام سینٹرز نے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹس جاری کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ اگلے ہفتے سے ای سہولت کے ذریعے بھی سرٹیفیکیٹس جاری ہونا شروع ہو جائیں گے۔‘
منگل کو این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پانچ جون سے نادرا کے تمام سینٹرز نے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹس جاری کرنا شروع کیے ہیں۔‘
’اس کے علاوہ تقریباً پانچ ہزار سے زیادہ ای سہولت کی شاخیں بھی اگلے ہفتے سے سرٹیفیکیٹ جاری کرنا شروع کر دیں گی۔
اجلاس میں این سی او سی نے ملک میں کورونا کی مجموعی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
این سی او سی نے وزارتوں کو اپنے ملازمین کو بروقت ویکسین لگوانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ’ملک میں 20 لاکھ اساتذہ میں سے چار لاکھ 50 ہزار اساتذہ کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگا دی گئی ہے۔
این سی او سی کی بریفینگ میں بتایا گیا ہے کہ ’ملک بھر کے ایئرپورٹس میں روزانہ کی بنیاد پر چھ ہزار ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹس کی صلاحیت حاصل ہوگئی ہے۔
بیان کے مطابق ’27 پروازوں کے ذریعے روزانہ چار ہزار پانچ سو مسافر پہنچ رہے ہیں۔‘
’پاکستان پہنچنے پر ایئرپورٹس پر جامع طریقہ کار کے تحت 388 کورونا وائرس مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔‘

پاکستان میں اب تک چار لاکھ 50 ہزار اساتذہ کی ویکسینیشن کی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’کورونا وائرس کے مریضوں کا پتا لگانے کے ساتھ قرنطینہ کا مناسب نظام بھی کام کر رہا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’افغانستان سے 22 ہزار نو سو 24 افراد پاکستان میں پیدل داخل ہوئے، ان میں سے 58 کورونا وائرس کے مثبت کیسز تھے۔ ان کو حکومتی اداروں میں قرنطینہ کیا گیا۔‘
این سی او سی کا کہنا ہے کہ ’خیبر پختونخوا نے سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لیے محفوظ سیاحتی ٹریننگ ورک شاپس کا آغاز کیا ہے۔ اس میں سیاحت کی صنعت سے وابستہ افراد شرکت کریں گے۔‘

شیئر: