Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ فیصل بن فرحان کا اماراتی ہم منصب سے رابطہ

سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سنیچر کو اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل  بن فرجان نے امارات کے وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن برائے سال 2022 ، 2023 منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ دوطرفہ تعاون سمیت مختلف موضوعات پرتبادلہ خیال ہوا۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے ٹیلی فونک گفتگو میں برادرملک امارات کے ساتھ ہر معاملے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے دونوں ممالک کی جانب سے خطے کے امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا ہے۔ 
 
یاد رہے کہ  متحدہ عرب امارات 1971 میں اپنے قیام کے بعد سے ہی اقوام متحدہ کا رکن رہا ہے اور اس نے 1986 سے 1987 تک سلامتی کونسل میں خدمات انجام دی ہیں۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق  وزیر امور خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید نے کہا کہ’ متحدہ عرب امارات بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعاون میں دنیا کے مشکل ترین چیلنجوں کے لیے اپنی ذمہ داری نبھانے کے لیے ہمیشہ تیار ہے‘۔
انھوں نے کہاکہ ’اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ امارات پوری تندہی اورعزم کے ساتھ امن و سلامتی میں شراکت کے لیے جدوجہد کرے گا‘۔
سیاسی امور کی معاون وزیر اور اقوام متحدہ میں امارات کی مستقل نمائندہ لانا نسبیہ نے کہا کہ’ سلامتی کونسل میں رکن ممالک کے ساتھ مل کر تعمیری کام کرنے کی کوشش کریں گے‘۔

شیئر: