Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایس او پیز کی خلاف ورزی، مزید 70 کمرشل آؤٹ لیٹس بند

کورونا ایس او پیز پرعمل یقینی بنانے کے لیے کوششیں تیز کی ہیں۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی کے حکام نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے مزید 70 کمرشل آؤٹ لیٹس کو بند کر دیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق میونسپلٹیوں نے عوام کی صحت کی حفاظت کے لیے بنائے گئے کورونا ایس او پیز  اقدامات کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
جدہ میونسپلٹی نے ایک دن میں سات ہزار 730  تجارتی مراکز اور سہولیات کے تفتیشی دورے کیے جس میں زیادہ تعداد میں  لوگوں کے اجتماع سے متعلق معاملات اور توکلنا ایپ کو استعمال کرنے میں ناکامی سے متعلق 148 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی۔
 حکام نے حفاظتی قوانین پر عمل پیرا ہونے کی نگرانی کے لیے مالز، تجارتی مراکز اور دکانوں پر ایک ہفتے میں دس ہزار تفتیشی دورے کیے۔
حکام نے تفتیشی دوروں کے دوران احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے پر 55 آؤٹ لیٹس بند کر دیے جبکہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے 536 افراد کو جرمانے جاری کیے۔
جدہ میونسپلٹی نے کہا کہ اسے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی دو ہزار 514 اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
جدہ میونسپلٹی نے تمام کاروباری سہولتوں پر زور دیا کہ وہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے اور کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے قواعد و ضوابط کا احترام اور ان کی پاسداری کریں۔
حکام نے عوام پر زور دیا کہ وہ 940 کال سینٹر پر فون یا بالڈی ایپ کا استعمال کرکے صحت کی کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع دیں۔

شیئر: