سعودی ورثے کا تحفظ ، روایات و رسوم کی حامل لکڑی کی گڑیا 'ناسنا'
سعودی ورثے کا تحفظ ، روایات و رسوم کی حامل لکڑی کی گڑیا 'ناسنا'
ہفتہ 19 جون 2021 20:03
جدہ کے ایک ہوٹل میں انہیں نمائش کے لئے پیش کیا گیاہے۔ (فوٹو سکوئر می)
ہر ثقافت میں اپنے لوگوں کی کہانی سنانے کا ایک خاص طریقہ موجود ہوتاہے۔ سعودی ڈیزائنر ملاک مسالتی لکڑی کی گڑیاں جمع کر کے اپنے ملک کے روایتی ملبوسات کو محفوظ کرنے کے لئے ان کا انتخاب کرتی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق لکڑی کی ان گڑیوں کو عربی میں 'ناسنا' کا نام دیا گیا ہے جس کا ترجمہ 'ہمارے لوگ' ہے۔
ملاک مسالتی نے عرب نیوز کو بتایا ہے کہ ناسنا مختلف پس منظر، عمر، کہانیاں، روایات ورسوم کے حامل سعودی عرب کے مختلف لوگوں کے بارے میں اہم معلومات اجاگر کرتی ہیں
اس سے سعودیوں کے اس فخر و انبساط کی عکاسی بھی ہوتی ہے جو وہ اپنی مملکت کے لئے محسوس کرتے ہیں۔
لکڑی کی گڑیوں کی یہ کلیکشن نومبر2020 میں شروع کی گئی تھی۔ فی الوقت جدہ کے ایک ہوٹل میں انہیں نمائش کے لئے پیش کیا گیاہے۔
اس سے قبل سعودی آرٹ کونسل کی جانب سے شارع آرٹ میلے میں اس کی نمائش کی جا چکی ہے۔
یہ کلیکشن 15 گڑیوں پر مشتمل ہے ۔ان میں سے ہر ایک سعودی عرب کے مختلف خطے اور وہاں کے کردارو خصوصیات کی نمائندگی کرتی ہے۔
ہر کردار کا ایک نام ہے جو متعلقہ خطے کے روایتی ناموں سے متاثر ہے۔ ان میں سعود ، الجوہرہ ، نورہ ، صیتہ ، عبد العزیز ، عطرہ ، حجار ، زہرا ، حیلہ ، عبید ، سعید ، آمنہ ،فاتو ، فواد اور شفا شامل ہیں۔
مسالتی نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ سعودی عرب کا ایک وسیع ورثہ ایسا ہے جسے بہت سے لوگ پسند کریں گے۔
نوجوان نسل کے پاس وہ علم اور تخلیقی صلاحیت موجود ہے جواس ورثے کے فروغ کے لئے درکار ہے ۔
انہوں نے سعودی فیشن برانڈ سلیسلا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عمدہ مثال ہے ۔ اس کے ساتھ وہ پہلے کام کر چکی ہیں۔
انٹیریئر ڈیزائن اور رہائشی تزئین و آرائش کا 15 سال سے زیادہ کا تجربہ رکھنے والی مسالتی جدہ میں 'دار ملک' کی بانی ہیں جو سعودی عرب کی دیگر منفرد مصنوعات تیار کرنے کے لئے وقف ہے۔
یہ گڑیاں دار ملک میں کام کرنے والے سعودی عرب کی مختلف کمیونٹیز کے ابھرتے ہوئے فنکاروں نے اپنے ہاتھوں سے پینٹ کی ہیں۔
مسالتی نے بتایا کہ یہ کلیکشن ڈیزائن کے ایک طویل عمل سے گزری ہے۔ ان کی تیاری میں پینٹ نیز سونے اور چاندی کی پتیوں جیسی مختلف اشیا کے ساتھ مختلف تکنیک سے مدد لی گئی ہے۔
گڑیوں کی ڈیزائننگ آن لائن اور فیلڈ میں کی جانے والی تحقیق پر مبنی ہے۔ مسالتی نے کہا کہ ہم نے کہانیاں لیں اور حقائق پر تحقیق کی۔
ہم نے ان علاقوں میں سے بیشتر کا سفر کیا اور جدہ کے عبد الرووف خلیل میوزیم سے ملنے والی تفصیلات شامل کیں جہاں خوبصورت روایتی ملبوسات نمائش کے لئے موجود ہیں۔
مسالتی نے بتایا کہ نسلی ٹیکسٹائل اور ڈیزائنوں کے تحفظ کے لئے وقف کی جانے والی چیرٹی منسوجات فاونڈیشن کلیکشن کی جانب سے تیار کی گئی کتاب بعنوان 'سعودی عرب کے روایتی ملبوسات' سےاس منصوبے کے لئے انمول مدد ملی۔
ناسنا گڑیوں کو فروخت کے لئے بھی پیش کیا گیا ہے۔ ان میں سے کچھ 59 سینٹی میٹر لمبی ہیں۔ ان کی قیمت 9 ہزار سعودی ریال یعنی2400 ڈالر سے لے کر 11ہزار سعودی ریال یعنی 2933 ڈالر کے درمیان ہے۔
مسالتی نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم مستقبل میں اس کلیکشن کو بڑھانا اور آرٹ کالج گریجویٹس کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ وہ اس سال ایک نئی کلیکشن بھی پیش کریں گی۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں