تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر کین ولیمسن اور راس ٹیلر کریز پر موجود تھے۔
قبل ازیں انڈیا نے اتوار کی صبح جب 146 رنز پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو وراٹ کوہلی سکور میں بغیر کسی اضافے کے کائل جیمیسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
اس کے بعد کائل جیمیسن نے جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور رشبھ پنٹ کو بھی آؤٹ کر دیا جو صرف چار رن بنا کر چلتے بنے۔
انڈیا کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اجینکیا ریہانے تھے جو بدقسمتی سے اپنی نصف سینچری مکمل نہ کر سکے اور 49 رنز بنا کر نیل ویگنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
روی چندرن ایشون بھی 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں ٹم ساؤتھی نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کائل جیمیسن نے ایشانت شرما کو بھی کیچ آؤٹ کر دیا۔ وہ صرف چار رنز بنا پائے۔
کائل جیمیسن نے اس سے اگلی ہی گیند پر جسپریت بمرا کو زیرو پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ انڈیا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رویندرا جدیجہ تھے وہ 15 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کا نشانہ بنے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے کائل جیمیسن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسرے دن کا احوال
انڈیا کی جانب سے اننگز کا آغاز شبمین گل اور روہت شرما نے کیا تھا۔
انڈیا کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب 62 کے مجموعی سکور پر روہت شرما 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں کائل جیمیسن نے ٹم ساؤتھی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
شھبمین گل 28 رنز بنا کر نیل ویگنر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ چیتیشور پجارا آٹھ رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں ٹرینٹ بولٹ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس وقت انڈیا کا مجموعی سکور 88 رنز تھا۔
خیال رہے چیمپئن شپ کے فائنل کا پہلا دن بارش کی نظر ہو گیا تھا۔
عام طور پر ٹیسٹ میچ کا دورانیہ پانچ دن کا ہوتا ہے لیکن اس میچ کو چھٹے دن تک بھی لے جایا جا سکتا ہے جس کا فیصلہ میچ ریفری کرس براڈ کریں گے۔
فائنل کی فاتح ٹیم کو 16 لاکھ ڈالر کا انعام ملے گا اور ہارنے والی ٹیم کے حصے میں آٹھ لاکھ ڈالرز آئیں گے۔