سی پیک ملک کی ترقی کا ضامن ہے ، ایکشن پلان کو پورے ملک میں نافذ کیاجائے ، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی ہے ، سابق وزیر کا خطاب
جدہ( ارسلان ہاشمی) سابق وزیر اور المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی چیئر مین حاجی حنیف طیب نے کہا ہے کہ کراچی میں امن عامہ کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے ۔ ملک میں جاری دہشتگردوں کے خلاف فوجی آپریشن ہر سطح پر کیاجائے تاکہ مکمل طور پر امن و امان بحال کیاجاسکے ۔ وہ عمرے کی ادائیگی کے بعد اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ سابق وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت جن حالات سے گزر رہا ہے وہ انتہائی نازک ہیں ۔پاک ، چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ ملکی ترقی کا ضامن ہے جس پر بہت سے ممالک کی نظریں لگی ہیں ۔ منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کے معاشی حالات میں بہتر تبدیلی آئے گی ۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ںنے کہا کہ ہمار ا ٹرسٹ کسی تخصیص کے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت کر رہا ہے۔ ہمارا مقصد بے آسرا لوگوں کی خدمت کرنا اور انہیں ضروریات زندگی فراہم کرنا ہے جس کےلئے کوشاں ہیں ۔ دکھی انسانیت کی مدد کرنا سب سے بڑی نیکی ہے جو رب کریم کو بہت عزیزہے ۔ قبل ازیں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ںنے کہا کہ پاکستان میں سیاسی حکومتوں نے امن و امان پر توجہ نہیں دی جبکہ فوجی قائدین نے یہ ثابت کردیا کہ دہشتگردوں سے ملک کو کس طرح صاف کیا جاسکتا ہے ۔ ایکشن پلان کو پورے ملک میں نافذ کرنا پڑے گا تاکہ اس کے بہتر نتائج سامنے آئیں کیونکہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی ہے جس سے ہر شخص متاثر ہے ۔ وطن عزیز سے اگر دہشتگردی کا خاتمہ ہو جاتا ہے تو ہمارے سامنے ترقی کی راہیں کھل جائیں گی ۔ پاکستان کو قدرت نے بیش بہا قدرتی نعمتوں سے نوازا ہوا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ مخلص قیادت سامنے آئے جو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکے ۔