کورونا سے نمٹنے کے لیے اقدامات، سعودی عرب انٹرنیشنل انڈیکس میں سرفہرست
گراف میں سعودی عرب کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب 2020 اور 2021 میں کورونا وبا سے نمٹنے والے اقدامات کے حوالے سے تین انٹرنیشنل انڈیکس میں سرفہرست رہا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ’سرکاری اداروں کی کارکردگی جانچنے والے قومی مرکز ’ادا‘ نے بیان میں کہا ہے کہ ’تین بین الاقوامی گراف ایسے سامنے آئے ہیں جن میں کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات پر سعودی عرب کو پہلی پوزیشن دی گئی ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب بین الاقوامی گراف کے حصول میں مسلسل آگے بڑھ رہا ہے‘۔
فوڈ سٹینڈرڈ گراف نے 2020 کے دوران سعودی عرب کو سرفہرست قرار دیا۔ یہ دنیا بھر میں اقتصادی معلومات کی بنیاد پر سالانہ رپورٹ جاری کرتا ہے۔
اس کے تحت ایک بڑے سوال کا جواب دیا جاتا ہے کہ فلاں ملک میں معیاری خوراک کس حد تک مہیا کی گئی۔ خوراک کی قلت اور فقدان کے اہم اسباب پر بھی روشنی ڈالی جاتی ہے۔
سعودی عرب نے ’نرم طاقت‘ گراف میں بھی اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کورونا وبا کے دوران سعودی عرب نے 85 ممالک پر برتری حاصل کی۔ برانڈ فنانس کمپنی نے اپنی رپورٹ میں عالمی سطح پر 20 ویں پوزیشن دی ہے۔
یاد رہے کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی جانچنے والا قومی مرکز اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے سعودی عرب کی کارکردگی اور پیشرفت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
یہ مرکز دنیا کے 217 سے زیادہ ملکوں کے ساتھ سعودی عرب کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ لیتا ہے۔
مرکز نے بارہ سٹینڈرڈ کو بنیاد بناکر 700 سے زیادہ انٹرنیشنل جانچ کے گراف میں سعودی عرب کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا ہے۔