Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماسک نہ پہننے والے مسافر کو 21 ہزار ڈالر جرمانہ

مسافروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم بڑھائی جا سکتی ہے (فوٹو: ایف اے اے)
ماسک نہ پہننے کے بعد فلائٹ سے اتارے جانے اور ساؤتھ ایسٹ ایئرلائنز کے ملازم کو پیٹنے والے ایک مسافر پر 21 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق ’ڈیلاس فورٹ فورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے کے ذمہ دار فرد کو جرمانہ کیا گیا ہے۔‘
دی سٹیٹ نامی ویب سائٹ نے ایف اے اے کا حوالہ دے کر رپورٹ کیا ہے کہ ’مذکورہ فرد نے 22 فروری کو بورڈنگ سے قبل اور جہاز پر سوار ہونے کے بعد ماسک پہننے سے انکار کر دیا تھا۔ فلائٹ اٹینڈنٹس اور کپتان نے متعدد مرتبہ انہیں ماسک پہننے کا کہا اور انہیں ماسک فراہم بھی کیا گیا لیکن انہوں نے وہ بھی ہٹا دیا تھا۔‘
اس ساری صورت حال کے بعد کپتان نے رن وے سے جہاز واپس موڑا اور مسافر کو طیارے سے اتار دیا تھا۔‘
ایف اے اے کے مطابق ’کسٹمر سروس سپروائزر نے جہاز پر آکر مسافر کو نیچے اتارنا چاہا تو انہوں نے پہلے ماسک ملازم پر پھینکا اور پھر انہیں جبڑے پر مکا مار دیا، جہاز سے نکلتے ہوئے بھی مسادر نے ماسک پہننے سے انکار کیا۔‘
وفاقی حکام کے مطابق ’مسافر کو حراست میں رکھ کر جواب طلبی کی گئی۔‘

قوانین کے مطابق دو برس یا زائد عمر کے ہر فرد کے لیے فلائٹس کے دوران ماسک پہننا لازم ہے۔
جمعرات کو ایف اے اے کی جانب سے جن آٹھ مسافروں پر جرمانہ عائد کیا گیا ان میں یہ مسافر بھی شامل تھے۔ حکام نے مذکورہ مسافر کی شناخت ظاہر نہیں کی۔
رواں برس ایف اے اے کی جانب سے دوران پرواز خطرناک رویے کا مظاہرہ کرنے پر مختلف مسافروں کو پانچ لاکھ 63 ہزار ڈالر سے زائد کا جرمانہ کیا جا چکا ہے۔

شیئر: