Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جھُنڈ سے بے دخل کیے گئے ’بدمعاش‘ ہاتھی نے 16 افراد ہلاک کر دیے

ہاتھی نے پیچھا کرنے والے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو کئی چکر دیے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں ممکنہ طور پر ’غلط رویے‘ کے باعث جھنڈ سے نکالے گئے ایک ہاتھی نے گذشتہ دو ماہ میں 16 دیہاتیوں کو ہلاک کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو محکمہ جنگلات کے حکام نے بتایا کہ ہاتھی کی عمر 15 سے سولہ برس ہے اور 22 ہاتھیوں کے جھنڈ سے بے دخل کیے گئے اس ہاتھی نے جھاڑ کھنڈ میں تباہی مچائی ہوئی ہے۔
ریجینل فاریسٹ آفیسر ستیش چندرا رائے کا کہنا ہے کہ ’اس بات کے کافی چانسز ہیں کہ اسے جنسی انتقام اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ غیر مناسب رویہ رکھنے کی وجہ سے جھنڈ سے نکال دیا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم اس کے رویے کا جائزہ لے رہے ہیں اور 20 افراد پر مشتمل ایک ٹیم اسے مسلسل ٹریک کر رہی ہے۔ تاہم ہماری پہلی ترجیح جانور کی حفاظت کرنا ہے۔‘
ہاتھی نے پیچھا کرنے والے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو کئی چکر دیے ہیں۔
منگل کو اس ہاتھی نےصبح سویرے باہر نکلنے والے ایک معمر جوڑے کو اپنی سونڈ میں لے کر مار دیا۔
ستیش چندرا رائے نے کہا کہ ’یہ ہاتھی صرف ان لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے جو حادثاتی طور پر اس کے راستے میں آ جاتے ہیں، اس کے بہت قریب جاتے ہیں یا جو اسے اکساتے اور اس کے ساتھ تصویر لینے کی کوشش کرتے ہیں۔‘
’وہ لوگوں کے گھروں میں نہیں جا رہا اور نہ ہی جان بوجھ کر کسی کو مار رہا ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسے جھنڈ میں قبول کیا جاتا ہے یا نہیں۔ اگر اسے قبول نہیں کیا گیا تو یہ ثابت ہو جائے گا کہ وہ بیڈ بوائے ہے۔‘
انڈیا میں ایک اندازے کے مطابق 30 ہزار ایشین ہاتھی ہیں جو ایشین ہاتھیوں کا 60 فیصد ہیں۔ حالیہ برسوں میں مقامی لوگوں کے ہاتھوں کئی ہاتھی ہلاک بھی ہوئے ہیں، اور ہاتھیوں نے بھی متعدد افراد کو ہلاک کیا ہے۔

شیئر: