’بیرون ملک سفر کے لیے تمام ویکسینز کو مساوی طور پر تسلیم کیا جائے‘
بیان کے مطابق ’’کویکس کی بنیاد اس اصول پر رکھی گئی تھی کہ کورونا ویکسین تک پوری دنیا کے لوگوں کو رسائی ہو۔‘ (فوٹو اے ایف پی)
کورونا ویکسین کی تقسیم کے لیے بنائے گئے عالمی اتحاد ’کوویکس‘ نے دنیا کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ ’وہ عالمی ادارہ صحت کی طرف سے محفوظ قرار دی گئی تمام کورونا ویکسینز کو تسلیم کریں۔‘
جمعرات کو کوویکس کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق ’کوویکس کی بنیاد اس اصول پر رکھی گئی تھی کہ کورونا ویکسین تک پوری دنیا کے افراد کو رسائی ہو۔‘
’اس کا مطلب ہے کہ ان کے سفر اور تجارت کرنے سمیت ان کے جان و مال کی حفاظت کی جائے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دنیا کے کئی حصوں میں سفر کی اجازت دے دی گئی ہے۔ کوویکس کی تمام حکومتوں سے اپیل ہے کہ سفری پابندیاں لگاتے وقت وہ ایسے افراد کو تسلیم کریں جنہوں نے مکمل ویکسین لگوا لی ہے اور وہ ویکسینز عالمی ادارہ صحت یا 11 ’سٹرنجنٹ ریگولیٹری اتھارٹیز (ایس آر اے) نے موثر اور محفوظ قرار دی ہیں۔‘
کوویکس کے مطابق ’اگر ایسا نہ ہوا تو دنیا میں ویکسینز کی تقسیم میں مزید خلا پیدا ہوگا ویکسین کی تقسیم میں عدم مساوات بڑھے گی۔‘
’اس سے ان معیشتوں پر برا اثر پڑے گا جو پہلی ہی بحران کا شکار ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایسے فیصلے سے لوگوں ایسی ویکسینز سے اعتماد اٹھ جائے جنہیں محفوظ اور موثر قرار دیا گیا ہے۔ اس سے ویکسینز کی قبولیت متاثر ہوگی اور ممکنہ طور پر اربوں لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑجائیں گی۔‘
’ایسے وقت میں جب دنیا تجارت اور سفر کو بحال کر رہی ہے، یہ فیصلہ کارگر ثابت نہیں ہو گا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہم ایسے تمام ممالک کے معترف ہیں جنہوں نے عالمی ادارہ صحت یا 11 ’سٹرنجنٹ ریگولیٹری اتھارٹیز (ایس آر اے) کی منظور کردہ ویکسین لگوانے والے افراد کو سفر کی اجازت دی ہے۔ ہم باقی ممالک سے بھی اپیل کرتے ہیں وہ بھی ایسا ہی کریں۔‘