کورونا وبا کے اثرات معیشت اور خریداری پر کب تک رہیں گے؟
44 فیصد صارفین روایتی طریقے کو ترجیح دیتے ہیں- (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں کورونا کی وبا نے خریداری سے متعلق سعودی نوجوانوں کے انداز تبدیل کر دیے۔ ای شاپنگ کا رواج بڑھا ہے اور نوجوان بلواسطہ ادائیگی کے طریقے کو ترجیح دینے لگے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق امریکی انٹرنیشنل کنسلٹینسی ’کیرنی‘ نے رائے عامہ کا جائزہ تیار کیا ہے جس میں بتایا گیا کہ سعودی عرب میں 80 فیصد سے زیادہ صارفین نے خرید و فروخت کے طریقے تبدیل کر لیے ہیں۔
جائزے میں بتایا گیا ہے کہ 30 سے 45 برس عمر کے افراد نے 89 فیصد تک خود کو تبدیل کیا ہے۔ 40 برس سے 60 برس تک والوں کا نمبر ان کے بعد آتا ہے۔
2020 کے مقابلے میں اس سال مملکت میں ایسے صارفین کی تعداد بڑھی ہے جو انٹرنیٹ کے ذریعے دوائیں، طبی سازوسامان اور کھانے پینے کی بنیادی اشیا خرید کر زیادہ آسانی محسوس کرتے ہیں۔
ای شاپنگ کا رجحان اپنانے کی سب سے بڑی وجہ کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مقرر پابندیاں ہیں۔ آن لائن شاپنگ کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ خریداری آسانی سے ہوجاتی ہے۔ تیسرا سبب یہ ہے کہ آن لائن شاپنگ میں مسابقتی نرخ دستیاب ہیں۔
عریبین بزنس ویب سائٹ کے مطابق آن لائن شاپنگ کا ایک فائدہ یہ ہے کہ مختلف مصنوعات میں تنوع ہے۔
جائزے میں شریک 34 فیصد صارفین نے بتایا کہ ملبوسات اور مصنوعی زیورات جیسی غیر بنیادی چیزوں کو آن لائن خریدنے میں بڑی سہولت ہوگئی ہے۔
جائزے میں یہ بھی بتایا گیا کہ آن لائن شاپنگ ویب سائٹس کے استعمال میں توجہ طلب حد تک اضافے کے باوجود 44 فیصد سعودی صارفین بنیادی اشیا روایتی طریقے سے خریدنے کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔ 33 فیصد غیر اشیائے صرف کو روایتی انداز میں خریدنا پسند کر رہے ہیں۔
جائزے میں شریک 60 فیصد نے کہا کہ آن لائن شاپنگ کے باعث بنیادی اشیا پر ان کا خرچ 25 فیصد بڑھ گیا ہے۔ 45 فیصد نے بتایا کہ ان کا غیر بنیادی اشیا کے خرچ میں اضافہ ہوا ہے۔
31 فیصد نے بتایا کہ آئندہ مہینوں کے دوران ملبوسات، جوتوں، پرس اور مصنوعی زیورات پر ان کا خرچ بڑھے گا۔
57 فیصد صارفین نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ کم از کم چھ ماہ تک وبا کے اثرات برقرار رہیں گے۔ اکثریت کا خیال ہے کہ زیادہ سے زیادہ تین ماہ کے اندر معیشت معمول پر آ جائے گی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں