جدہ : ڈکیتی اورقتل میں ملوث سعودی کی سزائے موت پرعمل
جمعرات 8 جولائی 2021 18:14
وزارت داخلہ نے عدالتی حکم پرعمل درآمد کرتے ہوئے ڈکیتی اور انڈین اکاؤنٹنٹ کے قتل میں ملوث سعودی شہری کی سزائے موت پرعمل درآمد کردیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ مقامی شہری فواد بن نوف بن عبداللہ نے جدہ کی ایک کمپنی میں ڈکیتی کی اس دوران کمپنی کے انڈین اکاؤنٹنٹ امیرعلی کو قتل کرکے اس کی لاش چھپا دی تھی-
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورس کی ٹیمیں مفرور ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے -
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ عدالت نے لوٹ مار، قتل اور لاش کی بے حرمتی کے الزامات ثابت ہوجانے پر مقامی شہری کو ’حد الحرابہ‘ کی سزا سنائی تھی-
حد حرابہ اسلامی اصطلاح کے مطابق ریاست میں انارکی پھیلانے پر دی جاتی ہے- اسے ’فساد فی الارض‘ (زمین پرفساد پھیلانا )کا جرم بھی کہا جاتا ہے-
اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے سزائے موت کی توثیق کردی تھی جبکہ ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان جاری کردیا تھا جسے جمعرات کو جدہ میں نافذ کردیا گیا-