قتل کے جرم میں سعودی شہری کو سزائے موت
اپنے ہموطن کو مشین گن سے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔(فوٹو سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’ہم وطن کے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر سعودی شہری کی سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا ہے‘۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ ’سعودی شہری محمد بن ظافر العباس نے اپنے ہموطن علی الیامی کو مشین گن سے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا‘۔
’ملزم واردات کرکے فرار ہوگیا تھا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نےتلاش کرکے اسے گرفتار کیا۔ پوچھ گچھ کے بعد اس کے خلاف فرد جرم عائد کردی گئی تھی‘۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ’ ہم وطن کے قاتل کا کیس جنرل کورٹ کے حوالے کردیا گیا تھا۔ ججوں نے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر اسے موت کے بدلے موت کی سزا سنادی تھی‘۔
’مقتول کے وارث نابالغ تھے۔ اس بنا پر سزائے قتل وارثوں کے سن بلوغت کو پہنچنے تک ملتوی کردی گئی تھی۔ وارثوں نے بالغ ہونے پر قصاص کا مطالبہ دہرایا جس پر اسے موت کی سزا دی گئی‘۔
وزارت داخلہ نے بیان میں کہ’ سزائے موت سے متعلق جنرل کورٹ کے فیصلے کی توثیق اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے بھی کردی تھی۔ آخر میں ایوان شاہی نے شرعی فیصلے پر عمل درآمد کا فرمان جاری کردیا تھا‘۔