Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انوکھا واقعہ، 90 سالہ خاتون بیک وقت کورونا کی ’دو اقسام‘ سے متاثر ہونے سے ہلاک

’خاتون دو مختلف افراد کی وجہ سے ان وائرس میں مبتلا ہوئی تھیں‘ (فوٹو: گلوبل بائیو ڈیفنس)
بیلجیئم میں محققین کا کہنا ہے کہ ’ایک 90 سالہ خاتون جو کورونا وائرس سے ہلاک ہوئی تھیں وہ بیک وقت الفا اور بیٹا اقسام سے متاثر ہوئی تھیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق محققین نے اتوار کو کہا ہے کہ ’اس حیران کن واقعے کا ٹھیک طرح سے جائزہ نہیں لیا گیا۔‘
عمر رسیدہ خاتون نے ویکسین نہیں لگوائی ہوئی تھی اور وہ تنہا ہی رہتی تھیں۔ انہیں گھر میں ہی طبی امداد فراہم کی جاتی تھی۔
انہیں رواں سال مارچ میں آلسٹ شہر کے او ایل وی ہسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں اسی دن ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
ابتدائی طور پر ان کے جسم میں آکسیجن ٹھیک سطح پر رہی لیکن ان کی طبیعت ایک دم بہت تیزی سے خراب ہوگئی اور وہ پانچ دن بعد انتقال کرگئیں۔
جب طبی عملے نے کورونا کی تشویش ناک اقسام کی جانچ کے لیے ان کے جسم کا معائنہ کیا تو انہوں نے دریافت کیا کہ ان کے اندر کورونا کی برطانوی قسم الفا اور جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والے وائرس بیٹا، دونوں ہی موجود تھے۔
اس حوالے سے او ایل وی ہسپتال سے تعلق رکھنے والی مائیکرو بیالوجسٹ این وانکربرگین جو اس تحقیق کی سربراہی بھی کر رہی ہیں کا کہنا ہے کہ ’اس وقت یہ دونوں ویریئنٹس بیلجیئم میں گردش کر رہے تھے، لہٰذا یہ امکان ہے کہ خاتون دو مختلف افراد کی وجہ سے ان وائرس میں مبتلا ہوئی تھیں۔‘
’بدقسمتی سے ہم نہیں جانتے کہ وہ کیسے متاثر ہوئی تھیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ کہنا مشکل ہے کہ کورونا کی دونوں اقسام سے متاثرہ ہونے کی وجہ سے مریضہ کی حالت زیادہ تیزی سے بگڑی۔‘
یہ تحقیق جو ابھی تک کسی طبی جریدے کو اشاعت کے لیے پیش نہیں کی گئی ہے، کو یورپی کانگریس آف کلینیکل مائیکروبیالوجی اور متعدی امراض کو پیش کیا جا رہا ہے۔

شیئر: