Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منی لانڈرنگ کی تحقیقات، برطانیہ میں 18کروڑ پاؤنڈ کی کرپٹو کرنسی برآمد

پولیس کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے دوران یہ بڑی چوری پکڑی گئی۔ (فائل فوٹو: ان سپلیش)
برطانوی پولیس نے ریکارڈ 18 کروڑ پاؤنڈ کی کرپٹو کرنسی برآمد کی ہے جس کے بارے میں خدشات ہیں کہ اسے مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال کیا گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے دوران یہ بڑی چوری پکڑی گئی۔
پولیس کا ماننا ہے کہ اس چوری کا تعلق گذشتہ مہینے ہونے والے واقعہ سے ہے۔
میٹرو پولیٹن پولیس کے جاسوس کانسٹیبل جو رائن نے ایک بیان میں کہا کہ ’تقریباً ایک مہینہ قبل ہم نے 11.4 کروڑ پاؤنڈ کی کرپٹوکرنسی برآمد کی تھی۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اس وقت سے ہماری تحقیقات پیچیدہ اور بڑے پیمانے پر ہورہی ہیں۔ ہم نے اس رقم اور اس سے ممکنہ طور پر جڑے جرم کا پتہ لگانے کے لیے بہت محنت کی ہے۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ مہینے کرپٹوکرنسی کی برآمدگی کے بعد 24 جون کو منی لانڈرنگ کے خدشات پر ایک 39 سالہ خاتون کو گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم ان کو بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
خاتون کا 10 جولائی کو 18 کروڑ پاؤنڈ کی چوری سے متعلق انٹرویو کیا گیا تھا۔
نائب اسسٹنٹ کمشنر گراہم میک نلٹی کا کہنا تھا کہ ’جرم کی دنیا میں کیش اب بھی بادشاہ ہے، لیکن ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بننے کے بعد ہم مجرموں کو منی لانڈرنگ کرنے کے لیے کرپٹو کرنسی کا استعمال کرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔'
انہوں نے بتایا کہ پہلے اس کے خلاف کارروائی کرنا مشکل تھا لیکن اب پولیس کو اس پر ٹریننگ دی گئی ہے۔

شیئر: