دبئی ..... متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے بلی پر تشدد کرنے والوں کو منفرد نوعیت کی سزا دیکر نشان عبرت بنادیا۔ تشدد کرنے والے 3شہریوں کو 3ماہ تک روزانہ 4گھنٹے دبئی چڑیا گھر کی صفائی کرنا ہوگی۔ دبئی حکومت نے واضح کیا کہ ایک وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تھی جس میں 3افراد ایک زندہ بلی کو کتوں کے سامنے ڈال رہے تھے۔کتے بلی کو بھنبھوڑ رہے تھے۔ وڈیو وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر اس کے خلاف زبردست غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ اسے دینی اقدار اور جانوروں کے ساتھ رحم دلی کی اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی گردانا گیا۔ دبئی حکومت نے وڈیو کی اطلاع ملتے ہی بلی پر تشدد کرنے والے تینوں افراد کو گرفتار کرلیا۔ تینوں کو نیلی وردی پہنا کر چڑیا گھر کی صفائی کرتے ہوئے تصویر لی گئی اور نیٹ پر ڈالدی گئی۔