Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مبارک پاکستان، چلے تو چاند تک نہ چلے تو بس شام تک‘

بابر اعظم اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کے لیے ٹیم کی دوسری بڑی شراکت بنائی۔ (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کو پہلے ٹی20 میچ میں 31 رنز سے شکست کیا دی، اپنے اور پرائے سبھی تعریف کیے بغیر رہ نہ سکے۔
چند روز قبل ختم ہونے والی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کی نسبتا نئی سیلیکٹ کی گئی ٹیم سے وائٹ واش کے بعد پاکستانی ٹیم کو مداحوں اور سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا تھا، لیکن انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میں عمدہ کارگردگی نے جہاں مداحوں کو خوش کیا وہیں سابق کرکٹرز اور ناقدین کو بھی تعریف کرنے پر مجبور کر دیا۔
پاکستانی ٹیم کی اس شاندار جیت کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے کھلاڑیوں کی اجتماعی اور انفرادی کارگردگی کو جہاں دلچسپ تبصرے کی وہیں قومی ٹیم کے ’ناقابل اعتبار‘ ہونے کا ذکر کرنا بھی نہیں بھولے۔ 
پاکستان کرکٹ ٹیم کی پل میں تولہ پل میں ماشہ کارگردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے سنگر عاصم اظہر نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ بی ٹیم سے کھیلتے ہیں جیسے وہ اے ہیں اور اے ٹیم سے جیسے وہ بی ہیں، یہ صرف پاکستانی باتیں ہیں۔

ٹوئٹر صارف تحسین باجوہ نے لکھا کہ ’مبارک پاکستان، چلے تو چاند تک نہ چلے تو بس شام تک، گریٹ کم بیک۔ میں امید کرتا ہوں کہ ایک دن ہم مستقل مزاجی بھی سیکھیں گے، ہمارے پاس ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے ایک متوازن ٹیم ہے۔‘

پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستانی کپتان بابراعظم نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کی شراکت میں 150 رنز بنائے۔ یہ قومی ٹیم کی کسی بھی جوڑی کی جانب سے مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں دوسری بڑی پارٹنرشپ ہے۔ سب سے بڑی 197 رنز کا اعزاز بھی اسی جوڑی کے پاس ہے۔

پاکستانی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں تین، صفر سے شکست دینے والی انگلش سائیڈ کے کپتان بین سٹوکس بھی پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے لطف اندوز ہوئے۔ انہوں نے جہاں 43 گیندوں پر 100 سے زائد رنز بنانے پر لیام لیونگ سٹون کو سراہا وہیں اس گراؤنڈ میں ٹی 20 کرکٹ کو ’خالص تفریح‘ قرار دیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی اس شاندار جیت پر پڑوسی ملک سے صارفین بھی تعریف کئے بنا نہیں رہ سکے ، ٹوئٹر صارف سارنش بھادرواج نے لکھا کہ پڑوسی جیت گئے، امید کرتے ہیں کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور انڈیا کا ٹاکرا بھی اتنا ہی دلچسپ ہوگا۔

ٹیلی ویژن میزبان وقار ذکا نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بہت ہلکا لے لیا تھا پاکستانی ٹیم کو فرنگی کرکٹ ٹیم نے، اگلی بار ٹاس جیت کر بیٹنگ نہیں دینا۔‘

نوٹنگھم میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میزبان انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے ٹی 20 کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا مجموعہ ترتیب دیتے ہوئے 231 رنز کا ٹوٹل سجایا اور پھر انگلش سائیڈ کو 201 تک محدود کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے باقی دو میچ اتوار 18 جولائی اور منگل 20 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔

شیئر: