دبئی کے مرکزی ایئر پورٹ پر دو مسافر طیارے ٹکرا گئے
جمعرات 22 جولائی 2021 13:34
طیارے ٹکرانے کے بعد دبئی ایئرپورٹ کا رن وے دو گھنٹوں کے لیے بند رکھا گیا (فائل فوٹو: فلائی دبئی)
دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو مسافر طیارے ٹکرائے ہیں تاہم حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق فلائی دبئی اور بحرینی ایئرلائن گلف ایئر کے دو طیارے جمعرات کی صبح ٹیکسی کرتے ہوئے آپس میں ٹکرائے ہیں۔
فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ بوئنگ 737.800 ایس طیارہ کرغیزستان روانہ ہو رہا تھا کہ اس دوران ’ایک معمولی حادثے‘ کا شکار ہوا، جس کے بعد اسے واپس سٹینڈ میں منتقل کر دیا گیا۔
ایئر لائن کے مطابق متاثرہ جہاز کے مسافروں کو چھ گھنٹے بعد دوسرے طیارے کے ذریعے بھیجا گیا ہے۔
طیارے ٹکرانے کے نتیجے میں دو میں سے ایک جہاز کے پر کا کونا متاثر ہوا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’فلائی دبئی متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر واقعے کی چھان بین کرے گی۔‘
گلف ایئر کے مطابق ’ایک اور ایئرلائن کے طیارے کی وجہ سے ان کے جہاز کا عقبی حصہ متاثر ہوا ہے۔ تمام مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہیں۔‘
گلف ایئر کی جانب سے متاثرہ طیارے کے متعلق مزید نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔ ایئر لائن مسافروں کو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مناما میں اپنے مرکز بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچاتی ہے۔
دبئی کا ہوائی اڈہ کورونا وبا سے قبل دنیا کا مصروف ترین ایئرپورٹ تھا۔ ہوائی اڈے کے مطابق طیارے ٹکرانے کے بعد ان کے دو میں سے ایک رن وے کو دو گھنٹوں کے لیے بند کیا گیا تاہم اس سے آپریشنز متاثر نہیں ہوئے۔