مصر: معمولی خانگی تنازعے نے خاندان اجاڑ دیا
جمعہ 23 جولائی 2021 15:09
شوہر نے بچوں کے سامنے اہلیہ کو قتل کیا اور فرار ہوگیا (فوٹو: العربیہ نیوز)
مصر میں ایک ڈینٹسٹ نے اپنی اہلیہ کو بچوں کے سامنے قتل کردیا۔ قاتل نے چاقو کے گیارہ وار کیے جو جاں لیوا ثابت ہوئے۔
بچوں کے چیخنے پر قاتل آلہ قتل کو نعش پر ہی پھینک کرفرار ہوگیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق ’قتل کی ہولناک واردات عیدالاضحیٰ کے دنوں میں ہوئی۔ میاں بیوی کے درمیان معمولی سے خانگی امور پرتنازع ہوا جو بڑھتے بڑھتے انتہائی حد تک پہنچ گیا۔‘
ہولناک قتل کی واردات مصر کے شمالی علاقے کی کمشنری الدقھلیہ میں ہوئی جہاں سکونت پذیر دندان ساز محمود مجدی نے اپنی لیڈی ڈاکٹر اہلیہ یاسمین حسن یوسف کو تینوں بچوں کے سامنے انتہائی بے دردی سے قتل کردیا۔
قاتل نے انتہائی طیش کی حالت میں اہلیہ پر چاقو کے گیارہ وار کیے جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔ ماں کو خون میں لت پت دیکھ کر تینوں بچوں نے شور مچانا شروع کردیا جس سے گھبرا کر قاتل موقع واردات سے فرار ہو گیا۔
بچوں کے شور مچانے پر پڑوسی وہاں پہنچ گئے جنہوں نے فوری طور پر پولیس کو طلب کیا۔ پولیس نے نعش اور آلہ قتل اپنی تحویل میں لے کر مفرور قاتل کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے۔