تیونس کی قیادت پر اعتماد ہے: سعودی عرب
’برادر ملک تیونس کو درپیش صورت حال اور تمام پیش رفت کا جائزہ لے رہی ہے۔‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب نے کہا ہےکہ تیونس کے امن و استحکام کے لیے اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے کہا ہے کہ ’تیونس کی قیادت پر اعتماد ہے کہ وہ موجودہ صورت حال سے گزر جائے گی‘۔
سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صحت اور معیشت سے متعلق چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیونس کے شانہ بشانہ کھڑی ہو۔
وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب کی حکومت برادر ملک تیونس کو درپیش صورت حال اور تمام پیش رفت کا جائزہ لے رہی ہے۔‘
’تیونس کے اندرونی معاملے کو اس کی خود مختاری سے متعلق شمار کرتے ہیں۔ تیونس کے برادر عوام کی ترقی اور خوش حالی کے متمنی ہیں۔‘
واضح رہے کہ تیونس کے صدر قیس سعید نے اتوار کے روز آئین کی دفعہ 19 کے تحت حاصل ہنگامی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے وزیر اعظم ہشام میشیشی کو برطرف کر دیا تھا اور پارلیمان کو 30 روز کے لیے معطل کر دیا تھا۔
صدر نے منگل کے روز بھی حکومتی اعلی مناصب پر فائز متعدد ذمہ داران کو سبکدوش کر دیا ہے۔