مسجد الحرام میں بچوں کو لانے پر پابندی برقرار ہے، وزارت حج
بچوں کو حرم لانے کی پابندی احتیاط کے پیش نظر لگائی گئی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت حج و عمرہ نے یادہانی کرائی ہے کہ مسجد الحرام میں بچوں کو لانا منع ہے۔ کورونا سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر عائد کی گئی پابندی برقرار ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق وزارت حج و عمرہ کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ دو سے سات برس تک کی عمر کے بچوں کو حرم شریف کے بیرونی صحن میں لایا جاسکتا ہے؟
سوال کے جواب میں وزارت حج وعمرہ کا کہنا تھا کہ ’مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں چھوٹے بچوں کو لانے پرپابندی برقرار ہے۔‘
واضح رہے کہ کورونا کی وبا کے پیش نظر حرمین کی انتظامیہ نے گذشتہ برس سے بچوں کو حرمین شریفین میں لانے سے منع کیا ہوا ہے۔
اس حوالے سے وہ افراد جو بچوں کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کےلیے جانا چاہتے ہیں انہیں چاہیےے کہ وہ اپنے ساتھ بچوں کو نہ لائیں کیونکہ انہیں حرم مکی کے بیرونی صحنوں میں بھی نہیں چھوڑا جاسکتا۔
خیال رہے عمرے کا اجازت نامہ ’اعتمرنا‘ ایپ سے حاصل کیا جاتا ہے جس کے لیے کم از کم عمر کی حد 18 برس ہونا ضروری ہے اس سے کم عمر بچوں کو عمرہ پرمٹ جاری نہیں کیا جاتا۔