’دنیا کی تیکھی ترین انڈین مرچ‘ اب لندن کے بازاروں میں
جمعہ 30 جولائی 2021 23:46
وزارتِ کامرس کے مطابق راجہ مرچ کو برآمد کرنا مشکل تھا کیونکہ یہ جلدی خراب ہوجاتی ہے۔ فائل فوٹو: ناگالینڈ
انڈیا جو دنیا بھر میں اپنے مصالحوں کی وجہ سے مشہور ہے، اب اس کی ریاست ناگالینڈ سے ’دنیا کی تیکھی ترین‘ مرچ کو لندن برآمد کیا گیا ہے۔
انڈٰیا کی وزارت تجارت سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’اس مرچ کو انڈین ریاست ناگالینڈ کے ضلع پیرن سے برآمد کیا گیا۔‘
اس کو سکٗوویل ہیٹ یونٹ کی بنیاد پر دنیا کی تیکھی ترین مرچ قرار دیا گیا ہے۔
سکٗوویل ہیٹ یونٹ مرچ کے اندر موجود جزو ’کیپسیاسن‘ کی مقدار چیک کر کے بتاتا ہے کہ مرچ کتنی تیز ہے۔
’راجا مرچی‘ جسے ’کنگ چلی‘ بھی کہا جاتا ہے کا دوسرا نام ’بھوت جولوکیا‘ بھی ہے اور اس کے ’جغرافیائی اشارے‘ یا ’جغرافیائی انڈیکیشن‘ (جی آئی) کی تصدیق 2008 میں ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ جی آئی سرٹیفیکیشن ان اشیا کے لیے دی جاتی ہے جو کسی مخصوص جغرافیائی مقام پر پائی جاتی ہیں۔
انڈیا میں زرعی اشیا کی برآمدات کے فروغ کے لیے کام کرنے والے ادارے، ایگریکلچرل اینڈ پروسیسڈ فوڈ پراڈکٹس ایکسپورٹ نے ناگالینڈ میں متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر راجا مرچی کو لندن بھیجا۔
جون اور جولائی میں اس مرچ کو ٹیسٹ کرنے کے لیے لیبارٹری بھیجا گیا تھا اور اس کے مثبت نتائج سامنے آئے تھے کیونکہ اس مرچ کو قدرتی طور پر اُگایا جاتا ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’راجا مرچ کو برآمد کرنا مشکل کام تھا کیونکہ یہ جلد خراب ہو جاتی ہے۔‘
سکٗوویل ہیٹ یونٹ کی بنیاد پر اس کا شمار دنیا میں تیکھی ترین مرچوں کی فہرست میں پہلے پانچ نمبروں میں ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا کو مصالحوں کا دیس بھی کہا جاتا ہے۔
واسکو ڈے گاما جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سمندر کے راستے انڈیا پہنچے والے پہلے یورپی شخص ہیں، انڈیا کے مصالحے لے کر یورپ گئے تھے۔ اپنی منفرد خوشبو کی وجہ سے یہ مصالحے یورپ میں بہت مقبول ہوئے تھے۔