Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امن واستحکام کے لیے ساتھ دیں گے‘ شہزادہ فیصل بن فرحان کی تیونس کے صدر سے ملاقات

شاہ سلمان اور ولی عہد کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعے کو تیونس کے صدر قیس سعید سے ملاقات کی ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب، تیونس میں امن و استحکام چاہتا ہے۔ تیونس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی میں معاون ہر اقدام کا ساتھ دیں گے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان سے اس سے قبل پیر کو تیونس کے وزیر خارجہ عثمان الجرندی نے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کیا تھا۔
انہوں نے سعودی عرب اور تیونس کے برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا جبکہ تیونس کے وزیر نے شہزادہ فیصل کو اپنے ملک کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔
سعودی وزیر خارجہ نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ ’انہوں نے صدر قیس سعید کو پھر اطمینان دلایا ہے کہ سعودی عرب برادر ملک تیونس میں امن و استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔ اس حوالے سے جو اقدامات کیے جائیں گے سعودی عرب ساتھ دے گا‘۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل نے تیونس کے صدر، عوام اور حکومت کو شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام وحکومت  کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا ہے۔ 

سعودی عرب اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے(فوٹو ایس پی اے)

سعودی وزیر خارجہ نے اس موقع پر برادر ملک تیونس کی تازہ صورتحال اور ملک کے اقتصادی و صحت صورتحال میں استحکام لانے والے فیصلوں کا جائزہ لیا ہے۔ 
تیونسی صدر نے کورونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں بروقت مدد پر سعودی عرب، قائد اعلی شاہ سلمان اور ولی عہد کے فوری برادرانہ ردعمل پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے تیونس کے صدر سے کہا کہ ’سعودی عرب، تیونس کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے‘۔
’ تیونس کے اندرونی امور کو ریاستی خودمختاری کا حصہ سمجھتے ہیں۔ سعودی عرب پھر یہ یقین دہانی کرانا چاہتاہے کہ برادر ملک تیونس کا امن و استحکام اسے بے حد عزیز ہے‘۔
سعودی وزیر خارجہ نے اس یقین کا  اظہار کیا کہ’ تیونس کی قیادت موجودہ حالات سے نمٹنے کی اہل ہے۔ تیونس کے برادر عوام کی ترقی و خوشحالی اور باوقار زندگی کے اہداف حاصل کرسکتی ہے‘۔
اس موقع پر تیونس کے وزیرخارجہ عثمان الجرندی اور تیونس میں متعین سعودی سفیر عبدالعزیز الصقر اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔ 

شیئر: