محمد رضوان کا ٹی 20 کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ
ہفتہ 31 جولائی 2021 19:59
محمد رضوان اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر بھی بنا سکتے ہیں (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ کے دوران کیلنڈ ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سنیچر کو کھیلا جانے والا میچ سولہویں اوور میں بارش سے روکا گیا تو اس سے پہلے ہی پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز سب سے زیادہ ٹی 20 رنز کا ریکارڈ اپنے نام کر چکے تھے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ آئرلینڈ کے کھلاڑی پال سٹرلنگ کے نام تھا جنہوں نے 2019 میں 20 اننگز میں 748 رنز بنائے تھے۔
محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اننگز میں 43 واں رنز بنایا تو وہ ایک سال کے دوران محض 14 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے۔
محمد رضوان کی جانب سے اعزاز اپنے نام کیا گیا تو پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت دیگر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں خوب سراہا۔
محمد رضوان نے 36 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چوکے اور دو چھکے بھی شامل تھے۔
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ کی بارش سے متاثرہ اننگز میں پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے تھے۔
قبل ازیں 16ویں اوور کے اختتام پر بارش کی وجہ سے کھیل روکا گیا تو پاکستانی ٹیم نے دو وکٹیں کھو کر 134 رنز بنائے تھے۔ بارش رکنے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑی سکور میں خاطر خواہ اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہوتے چلے گئے۔