سعودی عرب میں پہلی مرتبہ خواتین والی بال ٹورنامنٹ
مقابلوں میں ریاض، جدہ اور مشرقی ریجن سے خواتین کی 14 ٹیمیں شریک ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں پہلی مرتبہ خواتین کے لیے والی بال ٹورنامٹ کا انعقاد ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق خواتین والی بال چیمیئن شپ میں ریاض، جدہ اور مشرقی ریجن کی 14 ٹیمیں شریک ہوں گی۔
جمعرات پانچ اگست سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ21 اگست تک جاری رہے گا۔
ریاض میں چار ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوں گے۔ بعد ازاں جدہ میں سات ٹیموں اور مشرقی ریجن میں تین ٹیموں کا مقابلہ ہوگا۔
ہر گروپ میں کامیاب ٹیمیں اگلے مرحلے میں کھیلیں گی جبکہ دوسرے مرحلے کے مقابلے نو ستمبر کو شروع ہوں گے جن میں تینوں علاقوں سے چھ ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
سعودی لیگ کے تحت خواتین والی بال کی نگران حنان صالح القحطانی نے کہا ہے کہ ’خواتین والی بال مقابلے پہلی مرتبہ منعقد ہو رہے ہیں تاہم یہ اس میدان میں آگے بڑھنے کی طرف پہلا قدم ہے۔‘
ان کا مزید کہنا ہے کہ ’آگے جا کر سعودی خواتین کی والی بال ٹیمیں بیرون ملک منعقد ہونے والے عالمی مقابلوں میں بھی حصہ لیں گی۔‘